• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری مودی کے پاگل پن کا نوٹس لے، سراج الحق

اسلام آباد( نیو زرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور مودی کی جنونیت کی وجہ سے پورا خطہ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آسکتا ہے ۔ عالمی برادری مودی کے پاگل پن کا نوٹس لے ۔کشمیریوں کو اعتماد میں لئے بغیر مسئلہ کشمیرکا کوئی حل قابل قبول نہیں۔ آج دنیا بھر میں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے ۔فراڈ اور اقلیتوں کیلئے عذاب بھارتی جمہوریت کا نقاب اتر چکا ہے ۔پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور زندگی کے آخری لمحہ تک ساتھ رہے گی۔حکومت سلامتی کونسل کے اجلاس میں پوری تیار ی کے ساتھ جائے ۔ حکومت کی ذرا سی نااہلی اور غفلت ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے ۔کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضہ کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا پورا ریجن بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے ۔بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر سات دہائیوں سے حل نہیں ہوسکا۔سکھوں اور عیسائیوں کے خلاف آرایس ایس کی غنڈہ گردی کو پولیس اور فوج سمیت ریاستی اداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی اور لائن آف کنٹرول پر آئے دن فائرنگ کے واقعات تباہ کن جنگ کا باعث بن سکتے ہیں۔کشمیر میں ہر دروازے پر بھارتی فوجی کھڑا ہے اور لوگوں کو گھروں میں قید کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو سلامتی کونسل میں پوری تیار ی کے ساتھ جانا چاہئے اور اسلامی دنیا کو بھی اس حوالے سے آن بورڈ لینا چاہئے ۔

تازہ ترین