• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا میں عید صفائی مشن مکمل کرلیا گیا

پشاور ( نیوزڈیسک )حکومت خیبرپختونخوا نے عید الاضحیٰ پر صفائی کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے جسے عوام کی طرف سے خوب سراہا گیا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کی ہدایت پر محکمہ بلدیات نے عید صفائی مشن کے لیے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز، ڈبلیو ایس ایس سیز اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو خصوصی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جبکہ صاف پختونخوا۔۔میرا خواب پختونخوا میراتھن صفائی مہم گزشتہ ہفتے سے جاری ہے۔ عید صفائی مشن کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے اضافی گاڑیوں اور عملے کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔ صوبے کی 84 ٹی ایم ایز، 7 واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنیوں پشاور، مردان، ایبٹ آباد، بنوں، سوات، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور 3 ڈویلپمنٹ اتھارٹیز جن میں پشاور، گلیات اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شامل ہیں کی جانب سے اب تک سیکڑوں ٹن آلائشیں اور کچرا ٹھکانے لگایا جا چکا ہے۔ ان اداروں کی جانب سے عید پر ورکروں کی چھٹیاں منسوخ کی گئی تھیں جبکہ تمام عملہ بشمول افسران عید کے تین فیلڈ میں رہا۔ عید صفائی مشن کے لیے ان اداروں کی جانب سے 3 سو سے زائد اضافی گاڑیاں اور 4 سو کے قریب اضافی ورکرز کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ یاد رہے کہ صاف پختونخوا۔۔میراخواب پختونخوا صفائی مہم کے تحت 8 سو ورکرز اور 5 گاڑیاں پہلے سے مصروف عمل ہیں۔ شہرام ترکئی نے متعلقہ اداروں کی جانب سے عید پر کیے جانے والے بہترین انتظامات کو سراہا ،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کو صاف ستھرا رکھنا ان کا مشن ہے انہوں نے کہا کہ صاف پختونخوا۔۔میرا خواب پختونخوا صفائی اور آگاہی مہم کو ایک ہفتہ مکمل ہو چکا ہے اور اس دوران سیکڑوں ٹن کچرا ٹھکانے لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں کو صاف رکھنے میں عوامی تعاون ناگزیر ہے۔
تازہ ترین