• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری میں سکیورٹی کا ہائی الرٹ تسلسل سے جاری رہے گا، سی پی او

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ ملکہ کوہسار مری میں عید الضحیٰ اور جشن آزادی کے موقع پر پنڈی پولیس اور ٹریفک اہلکار مسلسل60گھنٹے سے ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ٹریفک کی بندش کے حوالے سے جو معمولی نوعیت کی شکایات تھیں وہ سیاحوں کے رش اور گاڑیوں کی غلط پارکنگ کے باعث تھیں، وہ بھی نمٹا دی گئیں،مری میں سیاحوں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے لہٰذا وہاں پر سیکورٹی کا خصوصی ہائی الرٹ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملکہ کوہسار مری میں سیکورٹی اور ٹریفک کے حوالے سے بلائے گئے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سی پی او کو بتایا گیا کہ عید الضحیٰ سے لے کر جمعرات دن2بجے تک 67ہزار6سو84گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں جبکہ46ہزار3سو56واپس گئیں،سیاحوں کی گھروں کو واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے ٹریفک رواں دواں ہے۔سی پی او نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں کی موجودگی میں کسی قسم کی ہلڑ بازی کا نہ ہونا پنڈی پولیس کے پروفیشنلیزم کا ثبوت ہے،انہوں نے کہا خواتین سیاحوں کو اس طرح کا ماحول فراہم کیا گیا کہ وہ پورے امن و سکون کے ساتھ سیاحت سے لطف اندوز ہو سکیں۔ دریں اثناء انہوں نے یوم سیاہ کے موقع پر نکالے گئے جلوس میں شرکت کے بعد مختلف مقامات پرسیکورٹی ڈیوٹی چیک کرتے ہوئے پولیس افسران و اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بے گناہ عوام پر انڈین افواج کے مظالم کے خلاف احتجاج اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی میں پنڈی پولیس کے تمام آفیسرز اور اہلکار برابر کے شریک ہیں۔سی پی او نے کہا کہ پوری دنیا آج کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ ہم کشمیری مسلمانوں کی حمایت سے کبھی دستبردار ہوئے، نہ ہوں گے ۔یوم سیاہ کے موقع پر پولیس لائنز سمیت پنڈی پولیس کے دفاتر پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔
تازہ ترین