• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ہوا کا کم دباؤ بھارتی ریاست راجستھان کے شمال مشرقی اور متصل علاقوں میں موجود ہے جس کی وجہ سے محکمہ ٔ موسمیات نے کراچی شہر میں آج شام ہلکی بارش ہونے کی نوید سنائی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آج سے ہفتے تک کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مون سون کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم شمال مشرق کی جانب بڑھے گا، جس کے باعث کراچی میں آج شام یا رات کو بوندا باندی کا امکان ہے۔

کراچی میں حالیہ طوفانی بارش کے اثرات اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تاحال صاف نہ ہونے کے سبب شہری اذیت سے دوچار ہیں، بارش کا پانی گندے پانی کے جوہڑوں میں تبدیل ہو گیا ہے۔

وفاقی و صوبائی حکومت اور بلدیہ کراچی سمیت تمام ادارے دعوؤں کے باوجود شہر کو صاف کرنے، گندگی اور آلائشوں سے پاک کرنے میں تاحال ناکام ہیں۔

قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور بارش کے پانی نے مل کر گلی گلی ایسا تعفن پیدا کر دیا ہے کہ شہریوں کا سانس لینا دوبھر ہو رہا ہے، شہر میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ الگ ہے۔

ملک کے مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے آج بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، صوابی، خیبر، منڈی بہاؤ الدین اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوش گوار ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان میں موسلادھار بارش سے برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ تیز بارشوں سے ہزارہ، مالا کنڈ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں چکوال، منڈی بہاؤ الدین، شکر گڑھ میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس کے باعث ایک طرف موسم خوش گوار ہو گیا ہے تو دوسری جانب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

ادھر خیبر پختون خوا میں بھی متعدد مقامات پر صبح سویرے سے بارش ہو رہی ہے، صوابی میں بادل گرچ چمک کے ساتھ برسے، سوات اور مالا کنڈ میں آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، خیبر میں موسلاھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو دل فریب بنا دیا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں 4 روز سے وقفے وقفے سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے جبکہ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھولنے کا کام جاری ہے۔

وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہے، بلوچستان بھر میں قلات ڈویژن کے سوا کہیں بارش کا امکان نہیں ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ کے علاوہ اندرونِ صوبہ بھی موسم تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے۔

قلات ڈویژن میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آج صبح ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجۂ حرارت کے مطابق وادیٔ کوئٹہ میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 19، سبی اور دالبندین میں 26، پنجگور، ژوب اور خضدار میں 24، گوادر اور نوکنڈی میں 25، تربت میں 18 جبکہ زیارت میں درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین