• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکاروں کے اشتہارات نشر کرنے پر پابندی


پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اشتہارات میں بھارتی اداکاروں کو لینے پر پابندی لگا دی۔

پاکستان میں میڈیا کے نگران ادارے الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینلز پر ایسےاشتہارات نشر کیے جانے پر پابندی عائد کر دی جن میں بھارتی کاسٹ ہے۔

پیمرا نے صابن، واشنگ پاؤڈر، شیمپو، نوڈلز اور اس طرح کی دیگر اشیا بنانے والی 11 مختلف ملٹی نیشنل کمپنیز کے حوالے سے خاص طور پر متنبہ کیا ہے کہ ان کے بھارتی اداکاروں یا کرداروں والے اشتہارات ٹی وی ا سکرینوں پر نشر نہ کیے جائیں۔

پیمرا کی جانب سے اس نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے معاملے پر بھارت سے کشیدگی بڑھنے کے بعد حکومت پاکستان نے 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر جبکہ 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تاہم اس کے باوجود بھارتی اداکاروں والے اشتہارات ٹی وی چینلز پر چلائے جا رہے ہیں جو کہ ریاستی پالیسی کی نفی ہے۔

پیمرا نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹی وی چینلز پر بھارتی اداکاروں پر مبنی اشتہارات پاکستانیوں کی پریشانیوں میں اضافہ کرتے ہیں جو کشمیریوں پر کیے جانے والے بھارتی مظالم کی وجہ سے پہلے ہی غمزدہ ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 اے کے تحت لگائی جانے والی یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک بھارتی اداکاروں پر مبنی اشتہارات کو متبادل پاکستانی اداکاروں یا کرداروں کے ساتھ تبدیل نہیں کیا جاتا اور پیمرا ان کی منظوری نہیں دیتا۔

واضح رہے کہ پیمرا کی جانب سے یہ سخت اقدام اُٹھانے کی وجہ بھارت کی جانب سے رواں ماہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا ہے۔

تازہ ترین