ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان محمد رمضان کو میاں چنوں اور شہید نائیک تنویر احمد کو جہانیاں میں ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
شہید محمد رمضان کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی، آج ان کی میت میاں چنوں پہنچائی جائے گی، جہاں ان کے آبائی گاؤں 67 پندرہ ایل میں نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی تدفین کی جائے گی۔
وطن پر قربان ہونے والے دوسرے شہید نائیک تنویر احمد کو جہانیاں کے گاؤں 138 ٹین آر میں نمازِ جنازہ کے بعد شام کو سپردِ خاک کیا جائے گا، شہید تنویر احمد کے پسماندگان میں والدین، 2 بھائی، 2 بہنیں، بیوہ، 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایل او سی پر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کر کے پاک فوج کے 3 فوجی شہید کر دیئے تھے تاہم پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جوابی کارروائی کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے اور کئی بنکر تباہ ہوئے تھے۔
واقعے پر پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ نازک صورتِ حال سے توجہ ہٹانے کے لیے کنٹرول لائن پر فائرنگ کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔