• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہاکی پر عالمی ایونٹس میں شرکت کے دروازے کھل گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی پر عالمی مقابلوں میں شرکت کے دروازے کھل گئے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ میں عدم شر کت پر ہونے والے جرمانے کی پہلی قسط ادا کردی ہے جس کے بعد انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے نہ صرف اسے عالمی مقابلوں میں شرکت کی اجازت بھی دے دی ہے بلکہ اس کے لئے آئندہ سال جاپان میں ہونے والے اولمپک گیمز کے رسائی ہاکی رائونڈ میں شرکت کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن پر پرو ہاکی لیگ میں عدم شر کت پر ایک لاکھ 80 ہزار یورو جرمانہ عائد کیا گیا تھا جو ہماری درخواست پر جرمانہ 50 ہزار ڈالر کردیا گیا تھا ۔رقم تین قسطوں میں جمع کرانا ہے ۔ پاکستان نے پہلی قسط ادا کردی ہے اس طرح ہمارے لئے عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کا راستہ کھل گیا ہے، دسمبر تک ہمیں باقی دونوں اقساط بھی جمع کرانی ہیں۔ اولمپکس کوالیفائنگ میچز کا شیڈول ایف آئی ایچ 7 ستمبرتک جاری کرے گی جس کے بعد ہمیں معلوم ہوگا کہ پاکستان کو اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں کس ٹیم کے خلاف اور کس جگہ پر کھیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی کا ایشو اپنی جگہ لیکن انٹرنیشنل فیڈریشن کے ساتھ کئے جانے والے وعدے اور یقین دہانی کو ہر حال میں پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کوالیفائنگ رائونڈ کی تیاریوں کے لیے کیمپ اسی ماہ لگے گا تاکہ لڑکے اچھی تیاری کے ساتھ جاسکیں۔ کیمپ کی تفصیلات پیر تک سامنے آجائیں گی۔

تازہ ترین