• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلوسٹرشائر: کرکٹ کلب عید پر میچ نہ کھیلنے پر 22 پوائنٹس سے محروم

لندن (جنگ نیوز) عید الاضحیٰ کے دوران میچ کھیلنے سے انکار پر انگلش لیگ کرکٹ کلب کو پوائنٹس سے محروم کردیا گیا۔ انگلش کائونٹی گلوسٹر شائر کے زیر اہتمام لیگ چیمپئن شپ میں مسلمان کرکٹرز پر مشتمل ’’ اے آئی ڈبلیو‘‘ نامی کلب نے 10 اگست کو میچ کھیلنے سے معذرت کی تھی۔ اس روز نو ذوالحجہ یعنی یوم عرفہ تھا۔ کلب کا موقف ہے کہ یہ مسلمانوں کیلئے مقدس دن ہے، ہم اس کے احترام میں کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔ کیا کسی عیسائی سے کرسمس کے روز کھیلنے کیلئے کہا جاسکتا ہے۔ یہ جواب منتظمین کو بالکل نہیں بھایا اور انہوں نے کلب کے 22 پوائنٹس منہا کرلیے جبکہ حریف سائیڈ کو اضافی 20پوائنٹس دے دیے گئے۔ کلب کے سیکریٹری احمد گوگا کا کہنا تھا کہ ہم نے لیگ منتظمین کو جنوری میں ہی مطلع کردیا تھا کہ میچ کا شیڈول عید سے متصادم ہے۔ اس کے باوجود کارروائی مذہبی عقائد کے خلاف اور امتیازی سلوک ہے۔ عید سے متعلق گلوسٹرشائر لیگ کی لاعلمی باعث حیرت ہے۔انگلش میڈیا کے مطابق اے آئی ڈبلیو نے حریف کلب کو میچ ری شیڈول کرنے کیلئے متعدد آپشنز دیے جس میں اتوار کا دن بھی شامل تھا لیکن اس نے کھیلنے پر حامی نہیں بھری۔

تازہ ترین