• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کوہلی کی مرضی چل گئی،شاستری بھارتی کرکٹ کوچ مقرر


ممبئی (جنگ نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ نے کپتان ویرات کوہلی کی پسند پر سرتسلیم خم کرتے ہوئے موجودہ ہیڈ کوچ روی شاستری کو مزید دو برس کیلئے ذمہ داری سونپ دی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 تک کام کریں گے۔ اس بات کا اعلان سابق کپتان کپل دیو نے کوچ ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس عہدے کیلئے مائیک ہیسن، ٹام موڈی، رابن سنگھ، لال چند راجپوت اور فل سمنز شارٹ لسٹ کیے گئے تھے۔ کپل دیو نے کہا کہ کوچ کے دعویداروں کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔ مائیک ہیسن دوسرے اور ٹام موڈی تیسرے نمبرپر رہے۔ کمیٹی کے رکن انشومن گائیکواڈ نے بتایا کہ ٹیم کو قریب سے جاننا روی شاستری کے حق میں گیا۔ دوسرے امیدواروں کو نئی شروعات کرنی پڑتیں۔ واضح رہے کہ روی شاستری کا 2017 میں ٹیم سے چیف کوچ کے طور پر منسلک ہونے کے بعد سے ریکارڈ کافی اچھا رہا ہے۔ گزشتہ سال بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتی۔ مجموعی طور پر جولائی 2017 سے 21ٹیسٹ میچوں میں سے 13میں فتح حاصل کی۔ اس کے علاوہ 36 ٹی20 انٹرنیشنلز میں سے25 اپنے نام کیے جبکہ 60 ون ڈے میں سے43 مقابلے جیتے۔ البتہ بھارتی ٹیم فیورٹ ہونے کے باوجود ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک نہیں پہنچ پائی تھی۔

تازہ ترین