• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسین نواز نے نواز شریف کی رہائی کیلئے پس پردہ ڈیل کو مسترد کردیا

اسلام آباد( آئی این پی ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے نواز شریف کی رہائی کیلئے پس پردہ ڈیل کی باتوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا اور میرے خاندان کے کسی فرد سے بھی کسی قسم کا رابطہ نہیں ہے ، اس وقت میرے خاندان کے اکثر لوگوں کو تو انہوں نے پہلے ہی جیل میں ڈال دیا ہے ، اگر کوئی ڈیل ہونے جا رہی ہوتی تو کیا اس قسم کے رویے ہوتے؟ جو ویڈیو اس وقت ریلیز کی گئی ہے،نواز شریف کی سزا کو کالعدم کرنے کیلئے وہی کافی ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئےحسین نواز نے کہا کہ مجھے پاکستان سے باہر 20سال ہوگئے ہیں اور میرے بھائی کو پاکستان سے باہر 26 سال ہو چکے ہیں ، اور ہم یہاںپر اپنا کام کرتے رہے ہیں اور بہت محنت سے اپنا کام کرتے رہے ہیں اور رزق حلال کماتے رہے ہیں۔ حسین نواز نے کہا کہ ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے انٹرپول کو درخواست دی گئی تھی لیکن وہ انٹرپول نے رد کردی ہے، وہ کسی سیاسی کیس کی بنیاد پر رد نہیں کی، وہ اس بنیاد پر رد کی ہے کہ اس شخص کے خلاف کسی قسم کا کوئی کیس نہیں بنتا۔حسین نواز نے کہا کہ ہم پاکستان ضرور آئیں گے،میں 14ماہ کی قید کاٹ چکا ہوں، انہوں نے کہا کہ میری بہن کا کسی کاروبار سے کوئی تعلق نہیں تھا، انہیں عوامی پذیرائی مل رہی تھی،ان کو پکڑ کر جیل میں بند کر دیا گیا ہے،میڈیا پر انکا بلیک آؤٹ ہے۔ حسین نواز نے کہا کہ مریم نواز نے بہادری کے ساتھ گرفتاری دی۔
تازہ ترین