• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، سلامتی کونسل اور ٹرمپ کا اظہار تشویش

اسلام آباد(صالح ظافر‘ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے نتیجے میں جنوبی ایشیاءکی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیاہے ۔ذرائع نے دی نیوزکوبتایاکہ دونوں رہنماؤں کےد رمیان بات چیت 20منٹ تک جاری رہی ‘وزیر اعظم نے امریکی صدر کو مودی کے جارحانہ اقدامات اور بھارتی مظالم سے آگاہ کیا‘فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے معاون پریس سکریٹری جان ہوگن کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ جموں و کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے امریکی صدر نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ بھارت اور پاکستان باہمی مذاکرات کے ذریعے کشیدگی میں کمی لائیں۔اے پی پی کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جمعہ کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا، امریکی صدر سے مقبوضہ کشمیر ،افغانستان اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیراعظم نے امریکی صدر کو مقبوضہ کشمیر کے تناظر میں پاکستان کی تشویش اور خطے میں امن و استحکام کو درپیش خطرات اور پاکستان کے موقف سے مفصل انداز میں آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم اور صدر ٹرمپ نے مسلسل رابطے جاری رکھنے اور خطے کی صورتحال زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا۔دریں اثناءاسلام آبادعمران خان نے کہا ہے کہ فاشسٹ مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا گلا گھونٹنے کی تمام کوششیں بری طرح ناکام ہوں گی‘مودی ٹولہ مقبوضہ کشمیرمیں منہ کے بل گرے گا۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹس میں وزیراعظم نے کہا کہ ہندو بالادستی کی خواہاں فاشسٹ مودی سرکار کو سمجھ لینا چاہئے کہ برتر عسکری قوت کے ذریعے فوجوں، عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کو تو شکست دینا ممکن ہے مگر تاریخ شاہد ہے کہ جب کوئی قوم آزادی کے لئے متحد ہو کر موت کے خوف سے چھٹکارا پا لے تو کوئی قوت اسے اپنی منزل تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ مودی سرکار کا ہندو توا کا پجاری ٹولہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے تمام سفاکانہ حربوں اور ہتھکنڈوں سمیت منہ کے بل گرے گا ۔

تازہ ترین