• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 100 انڈیکس 664 پوائنٹس کم ہوگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کا شکار رہی، 100انڈیکس میں 664 پوائنٹس کی کمی ، سرمایہ کاروں کے 103ارب روپے ڈوب گئے، سیمنٹ اور انرجی سمیت بیشتر شعبے سنبھل نہ سکے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروبار کے آغاز سے ہی دبائو کا شکار رہا اور ایک موقع پر 100انڈیکس میں 737پوائنٹس سے زائد کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی مگر کاروبار کا اختتام 664 پوائنٹس یا 2.26فیصد کمی پر ہوا اور 100انڈیکس 28764 پوائنٹس پر بند ہوا جو تقریبا 4 سال کی کم ترین سطح ہے۔ مجموعی طور پر 310کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 81میں اضافہ اور 212شیئرز کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 17حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ کاروباری لحاظ سے پاک پیٹرولیم، میپل لیف سیمنٹ، او جی ڈی سی، اینگرو پولیمر اور ٹی آر جی سرفہرست رہے مگر کسی کے بھائو میں اضافہ نہ ہوسکا، کئی اہم شیئرز کی قیمتوں پر لوئر سرکٹ بریکر کا میکنزم استعمال ہوا۔ مجموعی طور پر 6کروڑ 52لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 103ارب روپے کمی سے 5ہزار 916 ارب 48 کروڑ روپے کی سطح پر آگیا۔

تازہ ترین