• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

36ڈینگی کیس‘ انسدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں‘ ڈپٹی کمشنر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے آر ڈی اے اور کوآپریٹو سوسائٹیز کو ہدایت کی ہے کہ پوٹھوہار ٹائون میں نواز کالونی، سٹی ولاز، ائرپورٹ ہائوسنگ سوسائٹی، ڈھوک کالا خان، گل بہار کالونی، کوٹ جبی اور وکیل کالونی میں سے 36ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے کے پیش نظر خصوصی توجہ دی جائے اور ان سوسائٹیز کے مالکان و ٹھیکیداروں کو ساتھ ملا کر وہاں انسداد ڈینگی سرگرمیاں سرانجام دی جائیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گوداموں، ہسپتالوں، فیکٹریز، ٹائر شاپس و قبرستانوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور ڈینگی کا پیک سیزن ہونے کی وجہ سے ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرگرمیوں کو تیزتر کیا جائے۔ سرکاری محکمے آپس میں روابط کو بہتر بنائیں تاکہ کوئی بھی شکایت محض اس وجہ سے تاخیر کا شکار نہ ہو کہ متعلقہ محکمے تک بروقت نہ پہنچ سکی۔ محکمہ صحت کی جانب سے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی میں اس وقت59 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان ڈور ویکٹر سرویلنس کیلئے چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ، راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ، پوٹھوہار ٹائون (اربن) اور راول ٹائون میں 326ٹیموں نے 43ہزار 653گھر چیک کئے جن میں سے 537پازیٹو نکلے۔ اسی طرح آئوٹ ڈور ویکٹر سرویلنس میں انہی علاقوں میں 219ٹیموں نے 34ہزار 244سپاٹس چیک کئے جن میں سے42 پازیٹو نکلے اور وہاں مطلوبہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈینگی کے خطرے کو کم کرنے کیلئے ماحول کی صفائی کی اشد ضرورت ہے جو کہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔
تازہ ترین