• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقامات مقدسہ کے زائرین کو سہولیات فراہم کی جائیں گی،نور الحق

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہاہے کہ عراق ، ایران اور شام کے مقامات مقدسہ کے زائرین کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے زائرین کی سہولیات کیلئے تشکیل دی جانیوالی چھ رکنی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے کربلا معلی نجف اشرف اور مشہد مقدس میں پاکستان ہاؤسز تعمیر کیے جائینگے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے کہا کہ کوئٹہ سے تفتان تک کے سفر کو محفوظ بنایا جائیگا۔مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام میں فل پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک کی اس نازک صورتحال میں تمام قوم ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوچکی ہے ۔ منہاج القرآن کے صدر علامہ محمد حسین اکبر نے تجویز دی کہ عراق شام اور ایران کی حکومتیں جس طرح زائرین کوسہولیات فراہم کر رہی ہیں ا نکو مشعل راہ بنانا چاہیے۔علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ایران کی حکومت مشہد مقدس میں پاکستانی زائرین کیلئے ایک وسیع مسافر خانہ تعمیر کر رہی ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ واحدی نے کہا کہ جہاز اور ٹرین کے سفر کو مزید بہتر بنایا جائے۔علامہ گلاب حسین شاکری نے کہا کہ زیارات آپریٹرز کی رجسٹریشن سے زائرین کی شکایات ختم ہو جائیں گی۔
تازہ ترین