• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نمازیوں کو نشانہ بنانیوالے انسان کہلانے کے مستحق نہیں، نعیم بازئی

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک نعیم بازئی کچلاک مسجد میں بم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور نعشوں اورزخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کرایا۔اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملک نعیم خان نے بے گناہ نمازیوں کی شہادت اورزخمی ہونے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ اور معصوم نمازیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے بچے کچھے دہشت گرد بے گناہ اور معصوم شہریوں کو اپنی دہشت کا نشانہ بناکر خوف وہراس پھیلانا چاہتے ہیں لیکن ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے عوام اور سیکورٹی فورسز کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں ملک نعیم بازئی نے کہاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس کو ہرصورت میںپورا کیا جائے گا۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ 
تازہ ترین