• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت ہٹلر سے بھی آگے نکل گیا: گورنر پنجاب


گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ بھارت ہٹلر سے بھی آگے نکل گیا ہے، کہاں سو گئی ہیں اقوامِ عالم؟ مقبوضہ کشمیر میں جتنا ظلم بڑھ رہا ہے، اتنا ہی ہمارا جذبہ بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے لاہور میں پاک فوج کے لانس نائیک شہید تیمور اسلم کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید تیمور اسلم کی قربانی پاکستان کے لیے ہے، ہمیں اپنے بیٹے پر فخر ہے جس نے پاکستان کے لیے قربانی دی، ہماری ہمدردیاں خاندان کے لوگوں کے ساتھ ہیں، یہاں آنے کا مقصد شہید تیمور کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جتنے شہداء نے ملک کے لیے جانوں کے نذرانے دیئے ہیں پوری قوم ان کے ساتھ ہے، پنجاب حکومت شہید کی فیملی کے اخراجات برداشت کرے گی، بحیثیت قوم ان کے قرض اس طرح ادا کرسکتے ہیں کہ ان کی فیملی کو مشکلات کا سامنا نہ ہو، شہداء کی فیملیوں سے ملتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ ان کے جذبے بہت بلند ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری قوم اُن کے ساتھ کھڑی ہے، جب سے پاکستان بنا ہے بھارت نے اسے قبول نہیں کیا، بھارت میں اقلیتوں سے جو سلوک ہو رہا ہے وہ ہم یہاں نہیں دہرائیں گے، بھارت کو افغانستان میں پاکستان کا کردار پسند نہیں۔

چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ 15 اگست کو پوری دنیا میں یومِ سیاہ منایا گیا،جس میں سول سوسائٹی شریک تھی، ویڈیو دیکھی کہ حاملہ خواتین کے پیٹ کاٹ دیئے گئے، ظلم میں بھارت ہٹلر سے بھی آگے نکل چکا ہے۔


انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے بھارت نے اسے قبول نہیں کیا، ہم بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ بر صغیر کی آخری جنگ ہو گی، فوج کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر دشمن سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے لانس نائیک تیمور اسلم کی نمازِ  جنازہ گزشتہ شب لاہور میں ادا کی گئی جس میں فوجی افسران، سول سوسائٹی، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہید لانس نائیک تیمور اسلم کو تمام فوجی اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

تازہ ترین