• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہادرآباد،ڈکیتی کیلئے آنے والا ملزم تشدد سے ہلاک،ساتھی فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بہادرآباد میں بنگلے کے اندرلوگوں کے تشدد سے مبینہ ڈکیت ہلاک ہوگیا جبکہ اسکا ساتھی فرار ہوگیا، پولیس نے بنگلے میں رہائش پزیر دو لڑکوں کو حراست میں لے لیا ہے ، بظاہر ڈکیتی کو کوئی ثبوت نہیں ملا، تفصیلات کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود بہادرآباد کوکن سوسائٹی میں واقع بنگلے میں دو مبینہ چور داخل ہوئے، اس دوران ایک چور کو گھر والوں نے پکڑ کر باندھ دیا ، گھر والوں کی مار پیٹ سے اسکی حالت خراب ہوگئی،ایس ایچ او کے مطابق بنگلے کے مکینوں نے بیان دیا ہے کہ ملزمان انکے گھر میں 11 بجے داخل ہوئے ، ایک ڈکیت کو پکڑلیا گیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پونے ایک بجے جب اسکی حالت غیر ہوگئی تو انہوں نے رینجرز ہیلپ لائن پر اسکی اطلاع دی اور رینجرز نے پہنچ کر ملزم کو اسپتال پہنچایا تاہم وہ جانبر نہیں ہوسکا ۔ انہوں نے بتایا کہ موقع سے پولیس کو کوئی ہتھیار نہیں ملا،ہلاک ہونے والے مبینہ ڈکیت کی شناخت 15 سالہ محمد ریحان ولد سعید کے نام سے ہوئی جو خداداد کالونی کا رہنے والا تھا،انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف پہلے ایک چوری کا مقدمہ درج ہے،انہوں نے بتایا کہ گھر کے 2 افراد دانیال اور زبیر کو حراست میں لے لیا اور انکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے،انہوں نے بتایا کہ بظاہر ابھی تک ڈکیتی کو کوئی ثبوت نہیں ملا تاہم ہر پہلو سے تفتیش کی جاری ہے ۔ ‎
تازہ ترین