• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بھارت مل کر تنازع کشمیر حل کریں، روس، برطانیہ، کینیڈا

نیو یارک (ایجنسیاں)روس ، برطانیہ اور کینیڈا نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع کشمیر کو مل کر حل کریں ، اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب دمتری پولیانسکلی نے کہا ہے کہ روس بھارت اور پاکستان اور دونوں ملکوں کے لوگوں کا دوست اور اچھا شراکت دار ہے ، ہمارا کوئی پوشیدہ مفاد نہیں ، اس لیے دونوں پڑوسیوں کے درمیان بہتر تعلقات کے لئے دل سے کوششیں جاری رکھیں گے۔روس چاہتا ہے کہ کشمیر سے متعلق تنازع دو طرفہ سیاسی اور سفارتی سطح پر بات چیت کے ذریعہ ہی حل کیا جائے۔ بات چیت کے لیے 1972کا شملہ معاہدہ، 1999 کا اعلان لاہور ، اقوام متحدہ کے چارٹر ، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور پاکستان اور بھارت کے در میان دو طرفہ معاہدوں کو سامنے رکھنا ہو گا۔دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی کینیڈین ہم منصب کرسٹیا فری لینڈ سے ٹیلی فون پربات چیت کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔کینیڈا کی وزیرخارجہ نے کہاکہ ان کا ملک صورتحال کابغور جائزہ لے رہا ہے ۔انہوں نے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کینیڈا کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ہونا بہت بڑی بات ہے،برطانیہ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کویت نے بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد پر زور دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ہالینڈ کے وزیرخارجہ اسٹیف بلوک سے ٹیلی فون پر مقبوضہ جموںوکشمیر کی حالیہ تشویشناک صورتحال پربات چیت کی اورانہیں مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت میں تبدیلی کے غیرقانونی اوریکطرفہ بھارتی اقدام سے آگاہ کیا۔ہالینڈ کے وزیرخارجہ نے کہاکہ وہ کشمیر کے حالات کابغور جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ وادی میں کشیدگی میں مزیداضافے سے گریز کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔انہو ں نے بھارت اورپاکستان سے کہاکہ وہ تصفیہ طلب امورطے کرنے کے لئے بات چیت کریں۔ملیحہ لودھی نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے ممبران نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ، جس کو اب پاکستان آگے لے کر جائے گا ۔

تازہ ترین