کراچی (ثاقب صغیر/اسٹاف رپورٹر)کراچی میں شہریوں کیجانب سے قانون کو خود ہاتھ میں لیکر منصف بننے کے واقعات نہ تھم سکے،بہادر آباد میں کم عمر مبینہ چور کو بنگلے کے اندر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا۔اس سے قبل بھی شہر میں کئی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں شہریوں نے تشدد کر کے مبینہ ملزمان کو جان سے مار ڈالا۔بہادر آباد میں کوکن سوسائٹی میں ہفتہ کو بنگلے کے اندر مبینہ طور پرچوری کرنے ولا کم عمر ڈکیت ریحان بنگلہ کے رہائشی افراد کے تشدد سے ہلاک ہو گیا،ملزم کی شلوار اتار کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس دوران اسکی ویڈیو بھی بنائی گئی،ملک کے سب سے بڑے شہر کی پولیس پر سے شہریوں کا اعتماد اٹھتا جا رہا ہے اور پولیس افسران کے لاکھ دعوؤں کے باوجود نہ توپولیس کے نظام میں بہتری لائی جا سکی اور نہ ہی عوام پر پولیس کا اعتماد بحال کیا جا سکا،پولیس کے اندر سفارش پر تعیناتیوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہفتہ کو ایس ایچ اوز کے تقرری کے لیئے ہونے والے امتحان میں350افسران میں سے صرف37امیدوار کامیاب ہو سکے۔