• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگا کرپشن وائٹ کالر کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے،چیئرمین نیب

اسلام آباد(عاصم یاسین)قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن وائٹ کالر کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے،نیب ملک سے ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے۔نیب احتساب سب کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے بلا امتیاز احتساب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔نیب نے آگاہی تدارک اور انفورسمنٹ پر مشتمل سہ جہتی پالیسی اختیار کی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو نجی/سرکاری اداروں اور افراد کے خلاف ایک لاکھ 56 ہزار 858 شکایات موصول ہوئی ہیں۔نیب نے مختلف احتساب عدالتوں میں 1249 بدعنوانی کے مقدمات دائر کئے ہیں جبکہ 26 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔نیب کو 2018ء کے مقابلے میں 2019ء میں زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں۔گزشتہ 19 ماہ کے اعداد و شمار کے موازنہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کے تمام افسران بدعنوانی کے خلاف جنگ میں اپنا قومی فرض ادا کرتے ہوئے بھرپور محنت اور دیانتداری سے کام کر رہے ہیں۔نیب کو شکایات کی تعداد میں اضافہ نیب پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی مالی کمپنیاں منی لانڈرنگ،بینک فراڈ،بینک نادہندگی،اختیارات سے تجاوز اور سرکاری ملازمین کی جانب سے سرکاری فنڈز میں خورد برد کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانا نیب کی اولین ترجیحات ہیں۔چیئرمین نیب جسٹس (ر )جاوید اقبال کی دانشمندانہ قیادت میں گزشتہ 19 ماہ کے دوران نیب نے ریکارڈ کامیابیاں حاصل کی ہی۔نیب کو آپریشن،پراسیکیوشن،ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور آگاہی و تدارک کے شعبوں سمیت ادارے کے تمام شعبوں کی خوبیوں اور خامیوں کے تجزیئے کے بعد اس کے طریقہ کار کو بہتر بنا کر اسے فعال بنا دیا ہے۔

تازہ ترین