• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میلان میں پاکستانی، کشمیری سکھ اور اطالوی کمیونٹی کا بھارتی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج

میلان (جنگ نیوز) اٹلی کے شہر میلان میں پاکستانی کشمیری سکھ اور اٹالین کمیونٹی کا مظاہرہ، خود ارادیت اور آزادی کے حق میں نعرے، ہزاروں افراد نے انڈین فونصلیٹ میلان کے سامنے احتجاج کیا اور بھارتی ظلم کے خلاف آواز بلند کی مظاہرے کا اہتمام ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن، عوام دوست گروپ اٹلی امامیہ اٹلی مشترکہ طور پر کیا تھا جس میں اٹلی کی تمام مذہبی ،سماجی، سیاسی تنظیموں نے شرکت کی، مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی غیرقانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کوحق خودارادیت دیا جائے، کشمیریوں کے ساتھ ہیں، کرفیو فوری طورپر ختم کیا جائے۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کےطور پر منا رہے ہیں، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کرے۔احتجاجی مظاہرین نے کشمیرکو آزادی دو کشمیر بنے گا پاکستان کے بینرز اٹھا رکھے ہیں۔ ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جنہوں نے نریندر مودی کے غاضبانہ اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، بچوں نے کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی، مظاہرین نے نریندر مودی کو اس صدی کا ہٹلر قرار دیتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس کا نوٹس لیں اور اپنی آواز کشمیر کے حق میں بلند کرتے ہوئے اس مسئلے کا پر امن حل تلاش کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دنیا ایٹمی جنگ کے دھانے پر کھڑی ہے جس سے دنیا کا کوئی بھی دارلحکومت محفوظ نہیں ہو گا۔ اس موقع پر سید سجاد حسین شاہ،میاں آفتاب احمد،چوہدری تجمل حسین کھٹانہ،سید فخر امام،چوہدری حسنین گوندل ،ملک ندیم و دیگر نے خطاب کیا۔

تازہ ترین