• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورس جانسن کی گرل فرینڈ جنگلی حیات مارنے والوں پر پھٹ پڑیں

لندن( نیوز ڈیسک) بورس جانسن کی گرل فرینڈ کیری سائمنڈز گزشتہ روز ٹرافی کے حصول کیلئے جنگلی حیات کو مارنے والوں پر بری طرح پھٹ پڑیں، نمبر10میں آمد کے بعد گزشتہ روز اپنی پہلی عوامی تقریر میں انھوں نے طاقتور رائفلز اور دیگر ہتھیاروں سے لیس افراد کی جانب سے خوبصورت خدائی مخلوق شیروں، ہاتھیوں ،زیبرا اور دیگر جنگلی جانوروں کو ہلاک کرکے ان کے لاشے بطور انعام حاصل کرنے اور اس کے بعد اپنے اس عمل کواپنا کارنامہ قرار دینے کیلئے سووینئر شائع کرنے کی روش پر تنقید کی، ڈیلی مرر کے مطابق لیسٹر شائر کے علاقے اوک ہیم میں تقریر کرتے ہوئے کیری سائمنڈز نے سوال کیا کہ آخر کوئی اتنی خوبصورت مخلوق کو کیوں ختم کرنا چاہتا ہے ،انھوں نے کہا کہ خوبصورت جنگلی حیات کو مارنے کے بعد یہ لوگ ان کی لاشوں کی اپنی ٹرافی کے طورپر فخر سے پیش کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ٹرافی کے معنی یہ ہوتے ہیں کہ آپ نے کوئی غیر معمولی کارنامہ انجام دیاہو جس کیلئے بڑی مہارت اور صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے ۔شکار پر ٹرافی کی یہ صورت نہیں ہے،یہ اس کے بالکل برعکس اور بہیمیت ہے یہ بیمار ذہن کی عکاسی کرتاہے۔یہ بزدلی ہے،اور میں اب تک یہ نہیں سمجھ سکی کہ جنگلی حیات کے شکار میں کیا ترغیب پنہاں ہے۔ڈیلی مرر کی جانب سے جنگلی حیات کومارنے کے خلاف ایک مہم شروع کررکھی ہے جس کے دوران ملک کی اہم شخصیات اس حوالے سے اظہار خیال کررہی ہیں۔
تازہ ترین