• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں میڈیکل ٹیسٹ کی فیسوں میں کئی سو گنا اضافہ

محکمہ صحت پنجاب نے بنیادی مراکز صحت، تحصیل اور ضلع کی سطح پر میڈیکل ٹیسٹوں کی فیسوں میں اضافہ کر دیا۔ اس سلسلے میں نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق فیسوں میں اضافہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے تحت چلنے والے بنیادی مراکز صحت سے لے کر تحصیل اور ضلعی اسپتالوں میں لیب ٹیسٹوں کی فیسیں بڑھا دی گئیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اب دانت چیک کروانے کی پرچی فیس 50 روپے ادا کرنا ہو گی، سی ٹی اسکین فیس ایک ہزار سے بڑھا کر 25 سو روپے۔ شوگر، گردے، یورک ایسڈ اور حمل ٹیسٹ کی فیس 20 سے بڑھا کر 65 روپے کر دی گئی۔

ایل ایف ٹی فیس 50 روپے سے بڑھا کر 300 روپے، ای سی جی ٹیسٹ 60 روپے سے بڑھا کر 100 روپے جبکہ الٹراساونڈ فیس 50 روپے سے بڑھا کر 150 روپے مقرر کر دی گئی۔

اسپتالوں میں کاروں کے لیے پارکنگ فیس بیس جبکہ موٹر سائیکلوں کے لیے دس روپے رکھی گئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے ریٹ مقرر نہیں کیے بلکہ فیسوں کا ازسر نو تعین کیا ہے۔ فیسیوں کی وصولی سے ٹیسٹوں کے معیار میں بہتری آئی، مستحق لوگ اپنے ٹیسٹ ذکوۃٰ فنڈز سے مفت کروا سکتے ہیں۔

تازہ ترین