• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت کے وزراء لوگوں کو لٹکانے کی بات کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے اوراس اہم مسئلے سے توجہ ہٹانے کےلئے وفاقی حکومت کے وزراءلوگوں کو لٹکانے کی بات کررہے ہیں حالانکہ یہ لوگ خود نظر نہیں آرہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے تھانہ احمد خان میں رکن سندھ اسمبلی ملک اسد سکندر کی والدہ کے سوئم کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے کچھ وزراءملک کو درپیش مہنگائی جیسے اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے غیر ضروری بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری ایک افسوسناک عمل ہے کیونکہ سابق صدر نے نیب سے مکمل تعاون کیا اور ہرپیشی پرحاضر ہوئے پھر بھی انہیں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات سے بے خبر رہنے والی حکومت ملک کی سیاسی قیادت کے پیچھے پڑی ہوئی ہے جس سے انتشار مزید بڑھے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے تمام ایم پی ایز ، ایم این ایز اور تمام کارکنان متحد ہیں اورہمارے پارٹی لیڈرز پر اگر کوئی دباؤ ڈال رہا ہے تو ہم اس کا سامنا کریں گے۔ ملک اسد سکندر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ وہ آج یہاں ملک اسد سکندر کی والدہ کی وفات پر ان سے تعزیت کے لیے آئے ہوئے ہیں کیونکہ ملک خاندان سے ان کے پرانے خاندانی مراسم ہیں اور ملک سکندرمرحوم میرے والد مرحوم عبدا للہ شاہ کے اچھے دوست تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ صوبائی وزراءسید ناصر حسین شاہ ،مکیش کمار چاؤلہ ، صوبائی اسمبلی کے ممبران میر نادر مگسی ،شرجیل میمن، گیانچندایسرانی ، امداد پتافی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمرودیگر بھی موجود تھے‘ بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھانہ بولا خان ٹاؤن کے چیئرمین ہریش کمار د ینانی سے ان کے بھائی کے انتقال پرتعزیت کی۔

تازہ ترین