• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکان کے خریداروں کیلئے رعایت،اسٹمپ ڈیوٹی فروخت کنندہ اداکرے گا

لندن( نیوز ڈیسک) وزیر خزانہ ساجد جاوید نے پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوں کو ٹیکس کے بھاری بوجھ سے نجات دلانے کیلئے انقلابی قدم اٹھایا ہے جس کے تحت اب سٹیمپ ڈیوٹی مکان کے خریدار کے بجائے مکان فروخت کرنے والے سے وصول کی جائے گی۔لیکن اس طریقہ کار سے مکان خریدنے کے چند سال قیمتوں میں اضافے کے بعد مکان فروخت کرنے والوں کو خاصی زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔چانسلر ساجد جاوید نے کہا ہے کہ وہ سال رواں کے آخر میں اپنے پہلے بجٹ سے قبل ٹیکسوں کے نظام میں وسیع تر تبدیلیاں اور اصلاحات کریں گے ،ڈیلی ایکسپریس کی خبر کے مطابق ٹائمز کو انھوں نے بتایا کہ میں ٹیکسوں میں کمی کاحامی ہوں میں ٹیکسوں کاسادہ اور سہل نظام چاہتا ہوں،ہم ٹیکسوں کی ایسی شرح مقرر کرنا چاہتے ہیں جس کے تحت ہم زیادہ سے زیادہ ریونیو جمع کرسکیں، اور اس کے لئے ضروری نہیں کہ آپ ہمیشہ ٹیکس کی اونچی شرح کے ذریعے ہی ایسا کریں،عمومی طورپر میں ٹیکس کی کم شرح دیکھنا چاہتاہوں لیکن یہ شرح اتنی ہونی چاہئے جس کے ذریعے ہم عوامی خدمات انجام دے سکیں۔انھوں نے کہا کہ ٹیکسوں میں کٹوتی میں کم آمدنی والوں کواولین ترجیح دی جائے گی لیکن ٹیکسوں کی نظام کی تنظیم نو کے دوران زیادہ آمدنی والوں کو بھی فراموش نہیں کیاجائے گا۔انھوں نے کہ جب آپ ٹیکسوں میں کٹوتی کی بات کرتے ہیں تو میرے خیال میں آپ کے ذہن میں کم آمدنی والے آتے ہیں لیکن میرے خیال میں ٹیکس موثر ہونے چاہئیں، ہم ان کی شرح اس طرح مقرر کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کیاجاسکے۔اس کیلئے ضروری نہیں کہ آپ ہمیشہ ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح مقرر کریں۔لیبر پارٹی کے لارڈ ایڈونس نے سوشل میڈیا پر ساجد جاوید کی باتوں پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ساجد جاوید نے پراپرٹی مارکیٹ کاگلا گھونٹ دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ جاننے کے بعد کہ وزیر خزانہ سٹیمپ ڈیوٹی میں کمی کرنے یا اسے ختم کرنے والے اس موسم گرما کے دوران کون مکان خریدے گا۔ایک دوسری ٹوئیٹ میں انھوں نے لکھاہے کہ میرے خیال میں ساجد جاوید نے بورس جانسن کی اقتصادی صلاحیت کو تباہ کردیا ہے جس کے مطابق زیادہ خرچ کرنے والے کو زیادہ ٹیکس ادا کرنا تھا اگر آپ پر ٹیکس کم ہوگا تو خرچ بھی کم کیاجائے گا۔کم ٹیکس دے کر آپ زیادہ اخراجات کی توقع نہیں کرسکتے۔
تازہ ترین