• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بھارت پر فاشسٹ قیادت نے قبضہ کرلیا، ایٹمی ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں نہیں،90لاکھ کشمیریوں کی زندگیاں خطرے میں، اقوام متحدہ مبصر بھجوائے، عمران خان


اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیاہے کہ وہ ہندوستان کے جوہری ہتھیاروں کے تحفظ اور سلامتی پر سنجیدگی سے غور کرے جو فاشسٹ ،نسل پرست ہندو بالا دست مودی حکومت کے کنٹرول میں ہے‘بھارت پر فاشسٹ ہندؤوں نے جرمن نازیوں کی طرح قبضہ کرلیا ہے‘بھارتی ایٹمی ہتھیارمحفوظ ہاتھوں میں نہیں‘مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے محاصرے کی وجہ سے دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجنی چاہئیں ‘عالمی برادری اس کا نوٹس لے ‘نفرت کا جن بوتل سے باہر آچکا ‘آرایس ایس کے غنڈے پورے بھارت میں تباہی مچارہے ہیں ‘ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے خطہ بلکہ دنیا پر بھی اثر پڑسکتا ہے ،مقبوضہ کشمیر میں محصور 90 لاکھ کشمیریوں کی زندگی خطرے میں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو اپنے ٹویٹ پیغام میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے مبصرین بھیجے۔ بھارتی مسلمانوں کی حالت زار سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ 40 لاکھ بھارتی مسلمانوں کو حراست اور شہریت منسوخی کا سامنا ہے، آر ایس ایس کے غنڈے پورے بھارت میں تباہی مچا رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ جن بوتل سے باہر آچکا‘انڈیاکے ایٹمی ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں نہیں‘ اب دنیا سنجیدگی سے بھارتی ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت کے متعلق سوچے۔ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار فاشسٹ مودی کے ہاتھ لگ چکے ہیں جس پر دنیا کونوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہندو بالادستی کے ایجنڈے پر چلنے والی مودی حکومت، نہ صرف پاکستان بلکہ نہرو اور گاندھی کے ہندوستان کے ہر طبقہ فکر خصوصا اقلیتوں کیلئے بھی خطرہ ہے۔ نازی نظریہ، مودی کی بی جے پی اور آر ایس ایس کے نسل کشی پر مبنی ایجنڈے کے درمیان تعلق کو ہر کوئی جانتا ہے۔

تازہ ترین