• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

حکومت کاپہلاسال،استحکام کی بنیاد رکھ دی،دوسراسال تعمیرکاہے،حکومتی ٹیم


اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ حکومت کا ایک سال استحکام پاکستان کا سفر ہے جبکہ آئندہ سال تعمیر پاکستان کا سال ہو گا‘ ایک سال میں درست سمت کا تعین کر دیا ہے‘جو قومی ترقی کا بیج بویا ہے اس کے ثمرات آئندہ برسوں میں سامنے آنا شروع ہو جائیں گےجبکہ معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہناہے کہ ہماری حکومت نے جو بجٹ پیش کیا‘پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی بجٹ سامنے نہیں آیا‘کشمیرپر جنگ ہوئی توپاکستان رہے گا نہ ہندوستان ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف حکومت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اتوار کو یہاں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےمسئلہ کشمیرکو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایجنڈے پر ہم سب متحد ہیں،آج کا دن حکومت کی ایک سال کی تکمیل کا دن ہے لیکن ہم یہ دن اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے نام کرتے ہیں‘ میڈیا کی آزادی اور مثبت تنقید کو خوش آمدید کہتے ہیں کیونکہ حکومت آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔

حکومت نے ایک سال میں محنت، دیانتداری اور درست سمت میں پالیسیوں کا آغاز کیا، پالیسیوں کا ثمر عوام کی ترقی و خوشحالی کی صورت میں سامنے آئے گا‘وزیراعظم عمران خان محنت اور عزم سے قائداعظم کے پاکستان کو آگے لے کر جا رہے ہیں، حکومت کا ایک سال استحکام پاکستان کا سفر ہے جبکہ آئندہ سال تعمیر پاکستان کا سال ہو گا، وزیراعظم تمام شعبوں میں اصلاحات کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، ملک کے متوسط طبقے کی فلاح کے لئے احساس پروگرام شروع کیا گیا‘خزانہ، اقتصادی امور ڈویژن اور ریلوے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، پاکستان پوسٹ اور این ایچ اے بہترین کارکردگی کے باعث منافع بخش ادارے بن گئے، وزارت توانائی نے گردشی قرضوں میں نمایاں کمی کی ہے، ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے 175 ملکوں کے لئے آسان ویزہ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے ، ایف بی آر نے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لئے بھی جامع اقدامات کئے ہیں، پی ٹی وی اب خسارے سے نکل کر منافع بخش ادارہ بن گیا ہے، ریڈیو کو بھی خسارے سے نکال کر کامیاب ادارہ بنائیں گے‘ان کاکہناتھاکہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے۔معصوم بچے دودھ کے لئے بلک رہے ہیں جبکہ بیماروں کو ادویات میسر نہیں جس کی وجہ سے وہ دم توڑ رہے ہیں‘مقبوضہ وادی میں روزمرہ کی اشیاءکی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور اپنے حق کے لئے آواز اٹھانے والوں پر مقبوضہ بھارتی افواج کی جانب سے بدترین ریاستی دہشتگردی کی جا رہی ہے اور کشمیر میں میڈیا کا مکمل بلیک آؤٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم کا خطاب اس لئے ملتوی ہوا کیونکہ اس میں مسائل اور مشکلات کا ذکر تھا، ہم نے کشمیر کاز کے بڑے مقصد کے تحت سیاسی معاملات کو پس پشت ڈالتے ہوئے قومی بیانیہ اور مفاد کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں درست سمت کا آغاز کر دیا ہے اور آئندہ کی پالیسی واضح کر دی ہے۔ جو قومی ترقی کا بیج بویا ہے اس کے ثمرات آئندہ برسوں میں سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ آئندہ پورا ہفتہ وزارتوں کی کارکردگی میڈیا کے سامنے پیش کی جائے گی ۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کاکہناتھاکہ اگر کشمیر پر جنگ ہوئی تو نہ پاکستان رہے گا اور نہ ہی ہندستان‘عمران خان نے نریندر مودی سے کئی مرتبہ رابطہ کیا مگر بھارت بات کرنے سے گریز کر رہا ہے۔تاہم ہم کشمیریوں کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بھارت کی حکومت کو پاکستان سے بات کرنی پڑے گی۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالنے پر پتا چلا کہ ہر ادارے کا خزانہ خالی ہے اور دیوالیہ نکل چکا، ہم ملکی واجبات کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں تھے، پہلا سال مشکل گزرا اور ہمیں سخت اقدامات کرنا پڑے۔ ملکی واجبات ادا کرنے کے لیے مختلف اسکیمیں شرو ع کی گئیں، وزیر اعظم ملک کے لیے 18، 18 گھنٹے کام کر رہے ہیں، ہماری غلطیوں کی نشاندہی کریں لیکن ہمارامؤقف بھی شامل کریں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں اس وقت ساڑھے تین سے چار لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں، غریب افراد 5 ، 10 اور 15 ہزار روپیہ ماہانہ دے کر گھر کے مالک بن سکیں گے، 5 سال میں تمام غریبوں کو گھر فراہم کریں گے، ساڑھے 7 لاکھ روپے کی طبی امداد اور اسپتال سے علاج کی سہولت دیں گے۔نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنائیں گے۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ ہماری حکومت نے جو بجٹ پیش کیا، پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی بجٹ سامنے نہیں آیا۔عمران خان پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا عزم پورا کریں گے اور اس کے لیے جو ہم اسکیمیں لارہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی پروگرامز سامنے نہیں آئے۔وزیر اعظم کی محنت کے ثمرات بہت جلد قوم کے سامنے آئیں گے۔علاوہ ازیں وزارت اطلاعات ونشریات نےو زیراعظم آفس آڈیٹوریم میں پی ٹی آئی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا تھا ، تقریب کی خاص بات سپیکرآزاد جموں و کشمیر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر کی بطور مہمان خصوصی شرکت تھی ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہارکے لیے مدعو کیا تھا معاون خصوصی نے شاہ غلام قادر کو محمد حسن معراج کی مشہورنظم ـ"سنودلی ـ"ایک بڑے گلاس فریم میں پیش کی ، اس نظم کو ویڈیو میں معظم علی خان کی آواز میں بھی پیش کیا گیا ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سیاسی امور نعیم الحق نے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا اجمالی جائزہ لیا جبکہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہروزارت اور شعبے کی کامیابیوں اور اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیل سے بات کی ، فردوس عاشق اعوان اور نعیم الحق نے اے پی این ایس کے نمائندے محسن بلال خان ، سی پی این ای کے نمائندے طاہر فاروق اور پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن کے نمائندے درید قریشی کو ایک سالہ کارکردگی کے فولڈر اور سی ڈیز پیش کیں ،تقریب میں حکومت کی ایک سالہ کاکردگی کی ویڈیو بھی دکھائی گئی ، معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بہترین انتظامات پر سیکریٹری اطلاعات زاہدہ پروین ، پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دی۔

تازہ ترین