• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


 کراچی ‘اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر‘ ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایک سال عوام کیلئے بھیانک خواب ہے ‘وفاقی حکومت نے خود کوئی کام کیا نہ صوبوں کو کرنے دیا‘مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ‘ایک سال میں بھوک ، بیروزگاری اورمہنگائی کا سونامی آیا‘حکومتی کارکردگی پر وائٹ پیپرلائیں گے‘ن لیگ کے رہنماءاحسن کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت نے 72سال کا بڑا فراڈ کیا ہے‘ اسٹاک مارکیٹ، زراعت تباہ،صنعتیں بند ہو چکی ہیں‘ مرکزی ترجمان پی پی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کا پہلا سال عوام کی خواہشوں کا قاتل ہے۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے مطابق حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ناکامیوں کا مجموعہ ہے ۔ سال کے 365 دنوں میں حکمران 365 بار ناکام ہوئے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین کاکہناہے کہ نیا پاکستان پرانے پاکستان کے مقابلے میں ہر محاذ پر زمین بوس ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیدمراد علی شاہ نے کابینہ کے ہمراہ کراچی کے فریئر ہال میں پودا لگاکر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔بعدازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایک سال عوام کیلئے بھیانک خواب ہے‘پی ٹی آئی حکومت نے لوگوں پر بھاری ٹیکس لگائے ہیںاور اس سے سرمایہ کاروں میں ایک خوف اور گھبراہٹ کا عنصر پایا جاتا ہے اور انہوںنے اپنا سرمایہ نکالنا شروع کردیا ہے جس کی وجہ کی بیروزگاری بڑھ رہی ہےاور لوگوں کو روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں‘ڈالر بلند ترین شرح پر ہے اور پیٹرول کی قیمتیں بھی زیادہ بڑھائی گئی ہیں‘یہ سب پی ٹی آئی حکومت کی وفاق میں ایک سال میں حاصل ہونے والی ناکامیاں ہیں‘ وفاقی حکومت سے لوگوں کے فلاح و بہبود کیلئے کام کی کس طرح امید کی جاسکتی ہے۔کابینہ میں کسی قسم کا مزید کوئی ردوبدل نہیں ہو رہا ہے مگر جب بھی ضرورت ہوگی تو یہ پارٹی چیئرمین کی رہنمائی کے تحت کیا جائے گا‘سید سردار شاہ نے بطور صوبائی وزیر تعلیم بہت اچھا کام کیا ‘مراد علی شاہ نے ایک سوال پر کہا کہ انہیں گذشتہ کئی سالوں سے ڈس کوالیفائی کرنا چاہ رہے ہیں اب دوبارہ ان عناصر نے ایک بار پھر کوشش کی ہے مگر ہر مرتبہ کی طرح اللہ تعالیٰ انہیں عزت دے گا۔وزیراعلی نے پولی تھین بیگز پر یکم اکتوبر سے پابندی لگانے کا اعلان کیا۔ ادھرمسلم لیگ(ن) نے حکومتی کارکردگی رپورٹ کو جھوٹ اور ڈرامہ بازی قرار دیتے ہوئے وائٹ پیپرلانے کا اعلان کر دیا،مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے،حکومت کے پاس جھوٹے دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں، ن لیگ ان کے جھوٹ کے خلاف وائٹ پیپرلے کرآئے گی،ایک سال میں بھوک،بیروزگاری اورمہنگائی کا سونامی آیا،اس حکومت نے ایک سال میں 7600ارب روپے کاقرضہ لیا،ایک سال میں ایک میگا واٹ بجلی نہیں بنی،کہاں گیا 7600 ارب کاقرضہ؟ 15لاکھ لوگ بیروزگارہوگئے،ملک میں ترقی کی شرح میں 3.3فیصدپرآگئی ہے،ایک سال کے اندرحکومتی اخراجات میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے،ایک سال میں ملکی معیشت میں مرغیوں،کٹوں کااضافہ ہوا۔اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک سال ہوگیالیکن وزیراعظم ابھی تک کنٹینرسے نہیں اترے۔

تازہ ترین