• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹوری جعلی نہیں ، جلد شہباز کے وکلاء کو جواب دینگے، برطانوی صحافی

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانوی صحافی ڈیوڈ روز نے کہا ہے کہ ان کی اسٹوری جعلی نہیں ، جلد شہباز شریف کے وکلاء کو جواب دیں گے ، اگر شہباز شریف قانونی کارروائی چاہتے ہیںتو انہیں ، ان کی بیوی اور بچوں کو عدالت کو بتانا ہوگا کہ بیرونی امداد کیوں لی۔ تفصیلات کےمطابق برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ میں شہباز شریف اور انکے خاندان پر زلزلہ زدگان کی برطانوی امداد چراکر اپنے اکاؤنٹس میں ڈلوانے کی خبر بریک کرنے والے صحافی ڈیوڈ روز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے مختلف پیغامات میں لکھا کہ ’ ہیلو پاکستانی صحافیوں: ڈیلی میل کی جانب سے شہباز شریف کے وکلاء کو ابھی تک جواب نہ دینے کی وجہ یہ ہےکہ میں بس ابھی ابھی چھٹیوں سے واپس آیا ہوں ۔ ہم بہت جلد جواب دیں گے ۔ اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میرا آرٹیکل من گھڑت نہیں ، اور ہم اس کا اعتراف بھی نہیں کرنے والے کہ یہ من گھڑت ہے ‘۔ ڈیوڈ روز نے مزید لکھا کہ ’اگر شہباز شریف واقعی میرے اور ڈیلی میل کیخلاف قانونی کارروائی کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ، ان کی بیوی اور بچوں عدالت کو بتانا ہوگا کہ کیوں انہوں نے ان لوگوں سے بیرونی نقد ’سرمایہ کاری‘ قبول کی جو درحقیقت بہت ہی غریب ہیں ۔ شاید وہ جواب دیں ہم اسے دیکھیں گے‘ ۔ ڈیوڈ روز نے گزشتہ سال کی اپنی ایک اسٹوری کا لنک بھی شیئر کیا اور مزید لکھا کہ ’شریف فیملی کے ایک اور ممبر اور ان کی غیر واضح دولت پر میں نے گزشتہ سال ایک آرٹیکل لکھا تھا ۔ کیا کوئی مجھے ان کا موجوہ پتہ بتائے گا۔ میں نہیں سمجھتا کہ وہ پارک لین یا مے فیئر میں ہے ۔ اور کیا ان کی بیٹی کو بھی مشکلات کا سامنا نہیں ؟

تازہ ترین