• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

2024ء میں انسانوں کو چاند پر لیجانے کیلئے ’’مون لینڈر‘‘ الاباما میں تیار کی جائے گی


کراچی (نیوز ڈیسک) خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا کا ریاست الاباما میں قائم مرکز 2024ء میں خلا بازوں کو چاند پر لیجانے کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ ہنٹس ول میں قائم مارشل اسپیس فلائٹ سینٹر وہ گاڑی (مون لینڈر) تیار کرے گا جو 1972ء کے بعد پہلی مرتبہ خلا بازوں کو چاند پر لیجائے گی۔ اس فیصلے کا اعلان ناسا کے منتظم جم برینڈنسٹائن نے کیا۔ تاہم، یہ فیصلہ ریاست ٹیکساس کیلئے مایوسی کا باعث ہو سکتا ہے کیونکہ ریاست کی جانب سے مون لینڈر کی تیاری کا مرکز بننے کیلئے سر توڑ کوششیں کی گئی تھیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق، وائٹ ہائوس آئندہ پانچ سال میں ایک مرد اور ایک عورت خلا باز کو چاند کے جنوبی قطب پر بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس پروگرام کا نام آرٹیمس رکھا گیا ہے۔ شمالی الاباما میں ہنٹس ول کو ’’راکٹ سٹی‘‘ کہا جاتا ہے کیونکہ اس شہر کا خلائی پروگرام کے ساتھ خاص تعلق ہے۔ اسی شہر میں سیٹرن فائیو لانچر ڈیزائن، تیار اور ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کی مدد سے اپالو پروگرام میں 1960ء اور 1970ء کی دہائی میں انسانوں کو مدار میں بھیجا گیا۔

تازہ ترین