• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک پاکستان میں سب سے مقبول ترین نعرہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ تھا،سید عارف شیرازی

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی نے 1941ء میں 75افراد کے ساتھ جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی۔ آج زندگی کے ہر شعبے میں جماعت اسلامی کی گرانقدر خدمات اور کام کا مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒبلڈنگ میں جماعت اسلامی کے نئے 13ارکان سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب سعد بن ہارون، امان شفیق، بلال ظہور، اصغر خان مہمند، مبشر رفیق اور حکیم سعادت خٹک سمیت دیگر افراد کے حلف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز محمد طارق رضا، عمران خان، ملک عبدالعزیز، امیر زون پی پی 11حاجی یار محمد، امیر پی پی 17قاضی محمد ظہیر، امیر پی پی 18محمد شبیر میر، جنرل سیکرٹری پی پی 14حکیم عزیزالرحمان اور دیگر عہدیدارن بھی موجود تھے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ پاکستان کی منزل اسلامی انقلاب ہے۔ جماعت اسلامی وطن عزیز کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ تحریک پاکستان میں سب سے مقبول ترین نعرہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ تھا۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا۔ اب ہماری یہ شہ رگ بھارت کے قبضہ میں ہے‘ کشمیریوں نے بھارت کی غلامی قبول کرنے سے انکار کر کے شہادتوں اور قربانیوں کی ایک مثال قائم کی ہے۔ اب ایک مرتبہ پھر بھارت نے کشمیر کی مخصوص ریاستی حیثیت کو ختم کر کے اسے بھارت میں ضم کرنے کا غیرقانونی راستہ اختیار کیا ہے۔ بھارت کے اس اقدام کو کشمیریوں نے مسترد کرکے اس کیخلاف دُنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ اب تو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے حالیہ اجلاس میں ایک بار پھر کشمیریوں کی آواز سنی گئی ہے۔ پاکستان کو اس اہم ایشو پر مسلسل کام کرنے اور بھارت پر دبائو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین