• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا مستقبل شاندار، مشکلات جلد ختم ہوجائیں گی، سلطان محمود

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) تحریک انصاف پاکستان کے رہنما اور چیمبر آف کامرس کے سینئر عہدیدار چوہدری سلطان محمود نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان اس وقت مشکلات کا شکار ہے، لیکن انشا اللہ مستقبل شاندار ہے۔ گلاسگو میں پی ٹی آئی ویسٹ آف سکاٹ لینڈ کے صدر میاں علی احمد صوفی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سلطان محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج بدترین قسم کی ریاستی دہشت گردی کررہی ہیں جس کا دنیا کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے اور اس پر سفارتی اور تجارتی پابندیاں عائد کریں۔ چوہدری سلطان محمود نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کرکے انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کریں۔ چوہدری سلطان محمود نے کہا کہ معیشت اب بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہوگی، حکومت نے غربت کے خاتمے کے لئے اس سال بجٹ میں 80گنا اضافہ کرتے ہوئے اس مد میں 90ملین روپے رکھے ہیں۔ پناہ گاہ شیلٹر ہومز کے تحت پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں مراکز بنائے گئے ہیں۔ مختلف منصوبوں میں بلاسود43ارب کے قرضے مختص کئے گئے ہیں۔ میاں علی احمد صوفی نے کہا کہ اس وقت کشمیر کی صورتحال ایک جہنم کی طرح بنادی دی گئی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور آخری دم تک ان کے ساتھ رہے گا۔ ممتاز سماجی شخصیت ملک غلام ربانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے اور اس کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت حل کیا جانا چاہئے۔ اب سلامتی کونسل کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔
تازہ ترین