• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسیسی پولیس کے مزید آٹھ افسروں نے خودکشی کرلی

پیرس(این این آئی)فرانسیسی پولیس میں اس سال خودکشی کے رجحان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور بلوہ پولیس کے مزید تین افسروں ، ایک پولیس کمانڈر اور پولیس اکیڈمی میں ایک استاد نے بھی خودکشی کر لی ہے۔ان پانچوں سمیت حال ہی میں آٹھ پولیس افسروں نے اپنے ہاتھوں اپنی زندگیاں ختم کی ہیں۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق فرانس کے جنوب مشرقی علاقے میں گذشتہ بدھ کو ان پولیس افسروں نے خودکشیاں کی ہیں۔اس سال اب تک فرانسیسی پولیس کے چونسٹھ پولیس افسر خودکشیاں کرچکے ہیں اور یہ تعداد مسلسل بڑھتی چلی جارہی ہے جبکہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران میں مرنے والے پولیس افسروں کی تعداد اس سے کم رہ گئی ہے۔اس صورت حال پر پولیس یونینوں کا کہنا تھا کہ لوگوں کو تحفظ مہیا کرنے والوں کو اب خود تحفظ کی ضرورت پڑ گئی ہے۔انھوں نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے مزید امداد مہیا کرنے اور اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔فرانس میں کسی خاص علاقے سے تعلق رکھنے والے پولیس افسر ہی خودکشیاں نہیں کررہے ہیں بلکہ ان کا تعلق ملک کے کم وبیش تمام علاقوں اورعمر کے ہر گروپ سے ہے۔ ان میں بعض کم سن بچّوں کے والد تھے تو بعض جوان اولادیں چھوڑ مرے ہیں۔لیکن یہ پولیس افسر کیوں خودکشی کررہے ہیں؟ یہ ابھی تک ایک سوال ہی ہے اور فرانسیسی حکام اس سوال کا جواب دینے سے قاصر ہیں۔متبادل پولیس یونین کے سربراہ ڈینس جیکب کا کہنا تھا کہ 2019ء محکمہ پولیس میں خودکشیوں کی تعداد کے اعتبار سے بدترین سال ثابت ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین