• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر پاکستانی کشمیر کی تحریک میں کردار ادا کرنے کا پابند ہے، محمد علی درانی

لاہور(پ ر)لاہور چیمبر آف کامرس کے تمام قائدین نیشنل کشمیر الائنس کی تحریک’’کشمیر ہیومن رائٹس والنٹیرز موومنٹ کے رکنیت فارم بھر کر کشمیر والنٹیرین بن گئے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر، سابق صدر شاہد حسن شیخ، سابق صدرانجام نثار، چیمبر کے ممتاز اراکین خلیق اشرفی، شیخ عدنان خالد حسین اور بابر محمود بھی کشمیر ہیومن رائٹس والنٹیرز موومنٹ کے رکن بن گئے۔ لاہورچیمبر آف کامرس اور نیشنل کشمیر الائنس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک اب اس مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جس میں نہ کسی کی سیاست رہی ہے اور نہ مفاد بلکہ اب ہر پاکستانی اس تحریک میں اپنا کردار ادا کرنے کا پابند ہے۔ پورے پاکستان کو انسانی حقوق کاوالنٹیر بننا پڑے گا۔نیشنل کشمیر الائنس اور لاہور چیمبر آف کامرس کے اس مشترکہ سیمینار میں ممتاز کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مثال ملک نے کہا کہ گذشتہ تقریباً تین ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر دنیا سے کٹا ہوا ہے ہر گھر کے باہر خاردار تاریں لگی ہوئیں ہیں اور کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کے دل میں کشمیر آباد ہے اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کی عمارت کے باہر سینکڑوں افراد نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا جس میں سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی ،مثال ملک، میاں مصطفی رشید، ذوالفقار بلوچ اور لاہور چیمبر آف کامرس کے تمام معزز ممبران اور قائدین نے شرکت کی۔
تازہ ترین