اسلام آباد(اے پی پی‘جنگ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3سال کیلئے آرمی چیف مقررکردیاہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس کی طرف سے وزیراعظم کے دستخط کی حامل جاری کردہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ”جنرل قمر جاوید باجوہ کو ان کی موجودہ مدت کی تکمیل کی تاریخ سے مزید 3 سال کی مدت کیلئے چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کیا جاتا ہے۔ یہ فیصلہ علاقائی سلامتی ماحول کے پیش نظر کیا گیا ہے۔“ یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2016ءکو 16 ویں چیف آف آرمی اسٹاف کی حیثیت سے کمان سنبھالی تھی‘ان کی نئی مدت 30نومبر 2019ءسے شروع ہوگی اوروہ 2022ءتک آرمی چیف رہیں گے ۔ آئی ایس پی آر کی ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نشان امتیاز (عسکری) نے 24 اکتوبر 1980ءکو 16 بلوچ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کینیڈین فورسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج (ٹورنٹو) کینیڈا‘نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی مونٹیسوری (کیلیفورنیا) امریکا، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ وہ اسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کوئٹہ، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ انفنٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر اور راولپنڈی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 16 بلوچ رجمنٹ، انفنٹری بریگیڈ اور ناردرن ایریا کمانڈر ایف سی این اے میں انفنٹری ڈویژن کی بھی کمان سنبھالی۔ انہوں نے کانگو میں پاکستانی دستے کی کمان بھی کی۔ وہ راولپنڈی کور کے کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔