• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کشیدگی کم، امن قائم کریں، ٹرمپ کا عمران اور مودی کو فون، کشمیر کے معاملے پر گفتگو


کراچی، اسلام آباد(نیوز ڈیسک، اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان اور نریندر مودی کو ٹیلی فون کئے ہیں ، ٹرمپ نے دونوں رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کا خاتمہ کریں اور امن قائم کریں ، صدر ٹرمپ نے نریندر مودی سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ خطے کا امن برقرار رہنا چاہیے،انہوں نے مودی پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو کم کر دیا جائے، وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگان گڈلے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘صدر ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت سے آگاہ کیا، بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی نے پیر کے روز صدر ٹرمپ کو فون کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان تیس منٹ تک بات چیت ہوئی ،دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پیر کی رات دس بجے صدر ٹرمپ کو ٹیلیفونک گفتگو میں مودی کے اقدام کی وجہ سے پیدا ہونے والی خطے کی صورتحال سے آگاہ کیااور برملا کہا کہ مودی سرکار کے پانچ اگست کے یکطرفہ اقدام نے خطے کے امن و امان کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔شاہ محمود نے بتایا کہ وزیراعظم نے امریکی صدرسے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے مبصرین بھیجنے کامطالبہ کردیا۔ مودی کے ان اقدامات کا مقصد بین الاقوامی سطح پر متنازع معاملہ کو ختم کرنا تھا اور اس کے پیچھے بھارت آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 16 اگست کوصدر ٹرمپ کو پاکستان کا موقف بتایا تھا۔

تازہ ترین