• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر پر بیان، سونم کپور سے بھارتی ناراض

سونم کپور کا بی بی سی کو انٹرویو


بھارتی اداکارہ سونم کپور کے کشمیر کے حوالے سے بیان پر بھارتیوں کی جانب سےبھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

گزشتہ دِنوں بھارتی اداکارہ سونم کپور نے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی ایشین نیٹ ورک‘ کو انٹرویو دیا تھا، جس میں سونم کپور نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم وستم کے خلاف افسردگی ظاہر کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر ایک خوبصورت جگہ ہے، وہاں قتل وغارت کے بجائے امن اور سکون ہونا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ میں ایک محبِ وطن ہوں لیکن مسئلہ کشمیر پر ابھی اپنی رائے نہیں دے سکتی کیونکہ مجھے مکمل معلومات حاصل نہیں ہے، درست اور مکمل معلومات حاصل ہونے کے بعد ہی مسئلہ کشمیر پر اپنی رائے دوں گی جبکہ معلومات میسر ہونے سے قبل خاموش رہوں گی۔

اداکارہ سونم کپور کے اس بیان کے بعد بھارتیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر گہما گہمی ہو گئی اور بھارت میں اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔

نتیش کُمار نامی بھارتی ٹوئٹر صارف نے سونم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’سونم نے ہمیشہ پاکستانیوں اور پاکستانی فن کاروں کی حمایت کی ہے، کیا آپ کو شرم آتی ہے؟‘

راجت نامی ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے سونم کے خلاف بولتے ہوئے لکھا کہ’ سونم کو معلوم  نہیں ہے  کہ ہو کیا رہا ہے لیکن پھر بھی اپنی رائے دینی ہے، واہ رے بالی ووڈینز۔‘

ایک اور بھارتی ٹوئٹر صارف نے اداکارہ کو کہا کہ ’تُم پاکستان کیوں نہیں چلی جاتی۔‘

بھارتیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بننے والی اداکارہ سونم کپور نے اپنی خاموشی توڑ کر ٹوئٹر پر بھارتیوں کو کرارا جواب دیا، اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں بھارتیوں کو سکون سے رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ’دوستوں پُر سکون ہوجائیں اور اپنی زندگی گزاریں جیسے آپ چاہتے ہیں، آپ جو دوسروں کے بارے میں بولتے ہیں وہ اُس شخص کی عکاسی نہیں ہوتی بلکہ آپ کی عکاسی ہوتی لہٰذا خود پر غور کریں۔‘

اداکارہ کے اس ٹوئٹ پر ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ’اگر پاکستان سے اتنا ہی لگائو ہے تو پاکستان کیوں نہیں چلے جاتے، تُم اور تُمہارے خاندان والے ۔‘

جبکہ دوسرے بھارتی ٹوئٹر صارف نے کہا کہ’ اگر یہ ’انیل کپور‘ کی بیٹی نہ ہوتی تو اِس کو انڈسٹری میں ایکسٹرا آرٹسٹ کا کام بھی نہیں مِلتا۔‘

سونم کپور کو صرف بھارتیوں نےہی نہیں بلکہ پاکستانی اداکار ’شان شاہد‘ نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ’ سونم کپور ایک جعلی محبِ وطن ہیں، بھارت کے مودی نے ایک اور ملک پر قبضہ کرلیا ہے، بات کرنی ہے تو اس پر بات کریں، ہمت ہے یا قطار میں کھڑی رہیں۔‘


تازہ ترین