• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی ہٹ دھرمی خطے کا امن بگاڑ سکتی ہے، الیکس نورس ایم پی

نوٹنگھم (ابرارمغل)یونین آف پاکستان و کشمیری آرگنائزیشن نوٹنگھم کے زیراہتمام وطن عزیز کے یوم آزادی کو کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔ مرکزی تقریب سٹی کالج نوٹنگھم کے کشمیر بینکوئٹ ہال میں کونسلر سید حسن بخاری کی صدارت و سرپرستی میں منعقد ہوئی جسمیں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی ایک بہت بڑی تعداد نے فیملیز کے ہمراہ شرکت کی۔ UPKOکے چیئرمین راجہ نثارخان، سیکرٹری جنرل محمد الیاس نے تقریب کے مقاصد بیان کئے۔ اس تقریب میں لیبرپارٹی کے ممبرآف پارلیمنٹ الیکس نورس نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے آرٹیکل 370کے خاتمے کے بعد پیدا بدترین صورتحال اور مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ مظلوم و محکوم کشمیری عوام کی آواز کو نہ صرف برطانوی پارلیمنٹ میں بلند کررہے ہیں بلکہ اقوام متحدہ کو بھی مراسلہ تحریر کیا ہے کہ اقوام متحدہ نوٹس لیکر کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی خطے میں امن کا توازن بگاڑ سکتی ہے۔کونسلر سید حسن بخاری نے کہا کہ بھارت نے پوری ریاست جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کرکے لاکھوں کشمیریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے آرٹیکل 370کے خاتمے سے کشمیریوں کی نسل کشی کا منصوبہ بنایا گیا ہے اس وقت تاریخ کا بدترین دور شروع ہوچکا ہے۔ ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کرکے موت کے گھاٹ اتارنے کیلئے بھارت کے دوسرے حصوں میں منتقل کردیا گیا ہے، ایسے میں ہم پاکستان کی آزادی کا جشن کیسے مناسکتے ہیں، کونسلر سیدحسن بخاری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنا دوہرا معیار ترک کرکے مقبوضہ کشمیر میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نہ صرف کشمیریوں بلکہ پورے بھارت سے مسلمانوں کے وجود کو ختم کرنا چاہتا ہے بھارتی مذموم عزائم اور بڑھتی جارحیت برصغیر میں ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔جبکہ مختلف کونسلرز نے بھی خطاب کیا مقبوضہ کشمیر کی بدترین صورتحال پر عالمی خاموشی کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئےمقررین نے کہا کہ عالمی دبائو اور بھرپور احتجاج کے باوجود بھی مودی سرکار ہٹلر کے نقش قدم پر چل رہی ہے، ریاست کے وجود کے خاتمے کے بعد کرفیولگا کر کشمیریوں کو بھوکا پیاسا رکھا ہوا ہے لیکن مقام افسوس ہے کہ عالمی طاقتیں اور اسلامی بلاک صرف اظہار یکجہتی اور مذمت کررہے ہیں۔ دوران تقریب تحریک پاکستان کیلئے کی گئی لازوال جدوجہد اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے UPKOشعبہ خواتین و اطفال کے زیراہتمام مختلف بچوں نے خاکے، ٹیبلوز اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو UPKOکی جانب سے ایوارڈز بھی دیئے گئے۔ جبکہ اس تقریب میں پاکستانی و کشمیریوں کے علاوہ لیبرBAMEسے تعلق رکھنے والوں اور مختلف کمیونٹیز سے وابستہ افراد اور اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر وطن عزیز کا قومی ترانا پیش کیا گیا۔ شرکاء کی کثیر تعداد نے پاکستانی پرچم سے مزین ملبوسات بھی زیب تن کررکھے تھے۔ آخر میں کنسلر سید حسن بخاری نے چند قراردادیں بھی پیش کی۔
تازہ ترین