• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا میں ’’جشن آزادی پاکستان‘‘ شوٹنگ والی بال چیلنج کپ کا انعقاد

بارسلونا(نمائندہ جنگ ) سالانہ جشن آزادی شوٹنگ والی بال چیلنج کپ بارسلونا کے نواحی علاقے ’’ ترینی تات ‘‘ میں کھیلا گیا جس میں والی بال کے مایہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا، فائنل میں بیسٹ آف فائیو پر مبنی مقابلے میں گجر کلب نے وڑائچ کلب کو پہلے تین سیٹ جیت کر ناک آوٹ کر دیا اور ٹرافی اپنے نام کر لی ۔چیلنج کپ کے مہمان خصوصی قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری تھے ۔ تمام کھلاڑیوں نے اپنے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کھیل پیش کیا، جیتنے والی ٹیم نے اپنی جیت بھی کشمیری بھائیوں کے نام منسوب کر دی۔ ونر ٹرافی کپتان ذیشان شانی نے قونصل جنرل بارسلونا سے وصول کی جبکہ پہلا انعام 15سو یورو چوہدری گلریز بوگا نے دیا جبکہ دوسرا انعام ایک ہزار یورو پرویز اختر جانی نے دیا اور رنر اپ ٹرافی چیئر مین یونین کونسل گجرات چوہدری اعجاز نے شمریز وڑائچ کو دی ۔آرگنائزنگ کمیٹی حاجی نوید وڑائچ، راجہ شعیب ستی، خضر عنایت وڑائچ، اخلاق احمد بھٹی، ارشد ساہی، نواز گھمن، ڈاکٹر طاہر ندیم سندھو، چوہدری عزیز امرہ، چوہدری مظہر وڑائچانوالہ پر مشتمل تھی، جنہوں نے اس چیلنج کا سارا انتظام اپنی جیب سے کیا تھا تاکہ ایسے ثقافتی اور روائتی کھیلو ں سے یورپ کے میدانوں کو آباد کرکے صحت مندانہ سرگرمیوں کی دلدادہ قوم ہونے کا مقامی کمیونٹی کو پیغام دیا جا سکے۔ مین آف دی میچ کا انعام ذیشان شانی، بہترین سمیشر، بہترین نیٹ مین اور بہترین ڈیفنڈر کے انعامات چوہدری عزیز امرہ، راجہ سونی، جاوید مغل، مہران تارڑ، فرحان مہر، ساجد گوندل، چوہدری کلیم الدین وڑائچ ،چوہدری سلیم لنگڑیال اورریاست علی دھوتھڑ نے تقسیم کئے، اس موقع پر معززین بارسلونا نے کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے بھی نوازا، چیلنج کپ کو دیکھنے یورپ بھر سے پاکستانی کمیونٹی بارسلونا پہنچی تھی، شائقین والی بال کھلاڑیوں کو زبردست داد دے کر اُن کی حوصلہ افزائی کرتے رہے، فائنل میچ کے کمنٹریٹر کے فرائض ناصر احمد اور شفقت رضا نے ادا کئے۔ ہسپانوی میڈیا نے والی بال میچ کو خصوصی کوریج دی۔ اس موقع پر آرگنائزنگ کمیٹی نے اعلان کیا کہ آئندہ ہر سال والی بال کا ٹورنامنٹ ہوا کرے گا جس میں یورپ بھر سے ٹیمیں حصہ لیں گی۔ واضح رہے کہ یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی زیادہ تعداد دیہات سے تعلق رکھتی ہے اس لئے کبڈی اور والی بال کو دیکھنے کے لئے ہزاروں پاکستانی اور سردار میدانوں کا رخ کرتے ہیں۔ اس موقع پر قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کھیل پاکستانی کلچر کی نمائندگی کرتے ہیں جس کے لئے قونصلیٹ آفس کا تعاون ہمیشہ کمیونٹی کے ساتھ شامل حال رہے گا ۔
تازہ ترین