• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کونسل آج یورپین وزارت خارجہ کے سامنے دھرنا دے گی

برسلز (حافظ اُنیب راشد) مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر کونسل ای یو آج اکیس اگست بروز بدھ دارالحکومت برسلز میں دھرنا دے گی۔ یورپی ہیڈ کوارٹر میں پلس شومین پر یورپی وزارت خارجہ کے سامنے یہ احتجاجی دھرنا دن ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ کشمیر کونسل ای یو نے یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے گزشتہ دنوں سے اپنی مہم تیز کردی ہے۔ جب سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کرکے اس متنازعہ خطے کو بھارت کی مرکزی حکومت کے براہ راست کنٹرول میں دے دیا اور وہاں مظالم کی انتہا کردی، کشمیر کونسل ای یو نے احتجاجی کیمپوں، مظاہروں اور دھرنوں کے ذریعے اس مسئلے کو دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کی ہے۔ اس کے علاوہ یورپی حکام، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو خطوط بھیجنے اور ای میل کے ذریعے اقوام عالم کواس صورتحال سے آگاہ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ تیئس اگست کو کشمیر کونسل ای یو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کررہی ہے اور اس کے علاوہ چوبیس اگست کو جرمنی میں ایک ریلی میں بھی بھرپور حصہ لے گی۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای علی رضا سید کا کہنا ہے کہ بھارت بڑے پیمانے پر کشمیریوں پر مظالم میں ملوث ہے اور اس نے گزشتہ دو ہفتوں سے ان بھیانک مظالم کی انتہا کردی ہے۔ بھارت کی انتہاپسند تنظیموں کے غنڈے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوچکے ہیں اور انہوں نے کشمیری عوام پر مظالم ڈھانے شروع کردیئے ہیں۔ کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اور ہم اس صورتحال پر سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال تمام امن پسند اقوام عالم کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ اپنے مشنز مقبوضہ وادی روانہ کرے، دنیا کی بڑی طاقتیں فوری طور پر آگے آئیں اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو روکیں، مقبوضہ خطے سے بھارتی فوجوں کو واپس کیا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوایا جائے۔
تازہ ترین