• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمبرگ میں کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ

ہمبرگ (پ ر) جرمنی کے شہر ہمبرگ میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بھارتی قونصلیٹ ہمبرگ کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں مختلف طبقہ فکر کے عوام نے شرکت کر کے نریندر مودی کیخلاف نعرے لگائے کہ مودی دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے ہٹلر کے نقش قدم پر چل رہا ہے، بھارت دنیا کے امن کے لئے خطرہ بنتا جارہا ہے، بھارت ایٹمی جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے مودی کواگر لگام نہ دی گئی تو جنگ کو روکنا مشکل ہو جائے گا، اقوام متحدہ کا قیام جن مقاصد کے لئے معرض وجود میں آیا تھا اگر وہ پورے نہ کئے گئے تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تحریک کشمیر جرمنی ہمبرگ کے صدر ریاج شاہ گھمن، تحریک انصاف کے رہنما عظیم شیخ، ن لیگ کے رہنما عامر رانا، بلال کھوکھر،نصیر وارثی، طارق چوہدری نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پُرامن جمہوری اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کی طرف دیکھ رہی ہے، مسلسل کرفیو کی وجہ سے حالات انتہائی سنگین اور تشویشناک ہو گئے ہیں، بھارت پر سفارتی دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے کہ وہ امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرے اور ایسے حالات پیدا نہ کرے جو ہٹلر نے کئے تھے۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین، مردوں اور بچوں نے شرکت کی، مختلف بینرز اور کتبے آٹھائے ہوئے تھے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے قتل عام بند کرنے بھارتی فوج کے انخلا اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کر رہے تھے۔
تازہ ترین