• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر مسئلے کا حل، مصباح کو کرکٹ بورڈ نے تیسری ذمہ داری بھی سونپ دی

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) ایسا لگ رہا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی کرکٹ میں ہر مسئلے کا حل مصباح الحق نیازی ہیں۔ اپنی کرکٹ کمیٹی کے رکن کو پی سی بی نے تیسری ذمے داری سونپ دی ہے۔ مصباح کو ممکنہ طور پر مکی آرتھر کا جانشین بھی قرار دیا جارہا ہے۔ انہیں پہلے مرحلے میں پری سیزن کیمپ کے لئے کیمپ کمانڈنٹ مقرر کیا۔ منگل کو پی سی بی نے تین رکنی آزادانہ پینل تشکیل دیا جو آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے انتخاب کا جائزہ لے گا۔ اس پینل میں مصباح الحق کے ساتھ سابق کپتان راشد لطیف اور اسپنر ندیم خان کو رکھا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں میں کھلاڑیوں کا انتخاب اقربا پروری اور پسندیدگی کی بجائے میرٹ اور شفافیت کے تحت ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے مصباح الحق کو کیمپ کمانڈنٹ بنانے سے قبل پی سی بی نے ان کی رائے کو اہمیت دیتے ہوئے بیس کھلاڑیوں کو پری سیزن کیمپ میں بلایا۔ یہ خبریں بھی گردش میں ہیں کہ مصباح کو چیف سلیکٹر کا اضافی چارج بھی ملے گا۔ منگل کو لاہور میں پری سیزن کیمپ کے آغاز پر مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو لیکچر دیا جس میں انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس اور انٹر نیشنل سیزن سے قبل کیمپ بلانے کا مقصد یہ ہے کہ کھلاڑی سپر فٹ ہوں اگلے نو ماہ پاکستان ٹیم کے اسائنمنٹ کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی فٹنس کو بہتر بنایا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں ان کی اسکلز پر کام کیا جائے گا۔ کیمپ میں کسی کھلاڑی کے ساتھ زبردستی نہیں کی جائے گی لیکن انہیں فٹ بناکر انہیں انجریز سے بچایا جائے۔ مصباح الحق بدھ کو میڈیا کو اپنے پلان سے آگاہ کریں گے۔ جمعرات کو اسد شفیق اور جمعے کو یاسرشاہ پریس کانفرنس کریں گے۔ دریں اثنا آزاد ماہرین پر مشتمل سلیکشن پینل کے ارکان جمعرات کو لاہور میں ملاقات کریں گے ۔ تین رکنی آزاد پینل جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے ناموں کا جائزہ لے گا جس کے بعد ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کے لیے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کا اعلان کیا جائے گا۔ ابتدائی اسکواڈ کا انتخاب قومی کرکٹ ٹیم کی گذشتہ سلیکشن کمیٹی کے ممبران وجاہت اللہ واسطی، توصیف احمد ، وسیم حیدر ، اکرم رضا، اعظم خان، اعجاز احمد جونیئر ، راج ہنس اورجونیئر سلیکشن کمیٹی کے ممبران نے کیا تھا۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی میں سلیم جعفر، توفیق عمر، ارشد خان اور راؤ افتخار انجم شامل تھے۔ آزادانہ پینل تمام ایسوسی ایشنز کے لیے 32 کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے لیے کپتانوں کے نام بھی تجویز کرے گا۔ ہر ایسو سی ایشن کے لیے فائنل کیے جانے والے تمام32 کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے پی سی بی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا۔ پی سی بی چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ سلیکشن پینل کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر ہر ایسوسی ایشن کےلیے متوازن اسکواڈ کا اعلان کرے گا۔

تازہ ترین