• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرمایہ پاکستان لمیٹڈ سے بیمار یونٹس بحالی کا اقدام کمزور پڑگیا

اسلام آباد (مہتاب حیدر) سرکاری شعبے کے کاروباری اداروں کے بڑھتے ہوئے خالص نقصانات کے دوران سرمایۂ پاکستان لمیٹڈ (ایس پی ایل) کے ذریعے بیمار یونٹس کو بحال کرنے کا تحریک انصاف حکومت کا اقدام کمزور پڑگیا ہے کیونکہ اس کے بورڈ کے بعض پرائیوٹ ارکان نے استعفے دے دئیے ہیں۔ ایس پی ایل بورڈ کابینہ کی منظوری سے پرائیوٹ ارکان کی شراکت سے تشکیل پایا تھا۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفیٰ دینے سے قبل اس کا پہلا اجلاس ہوا تھا اور تب سے اب تک کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ بعض ایس پی ایل بورڈ ارکان نے استعفے دے دئیے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہوگیا تھا کہ اعلیٰ حکومتی سطح کی جانب سے نقصان میں جانے والے ریاستی اداروں کو بحال کرنے کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ذمہ داری لینے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجاز فورمز سے منظوری حاصل کرنے کے بعد ایس پی ایل کے قیام کیلئے بہت زیادہ کوششیں کی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ دینے سے قبل بورڈ کا ایک اجلاس ہوا تھا جس میں انہوں نے چیئرمین شپ احسن ملک کو دینے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ نہیں جانتے کہ اس کے بعد ایس پی ایل فعال کیوں نہیں ہوا۔ وزارت خزانہ کے ترجمان سے سرکاری موقف لینے کیلئے سوال بھیجا گیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران ریاستی اداروں کی بحالی کیلئے ملائیشین اور سنگاپور کے ماڈل کی نقل کرتے ہوئے ایس پی ایل تشکیل دیا تھا اور فروی 2019 میں اس وقت اسد عمر وزیر خزانہ تھے۔

تازہ ترین