• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوسلو میں شاندار پاکستانی ثقافتی میلے کا اہتمام

اوسلو (ناصر اکبر) اوسلو میں شاندار ثقافتی میلے کا اہتمام کیا گیا، جس میں نارویجن پاکستانیوں سمیت مختلف کمیونٹیز کے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور میلے کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ یہ ثقافتی میلہ ناروے کی حکومت کے تعاون سے لگایا گیا جو 3دن جاری رہا۔ میلے میں رنگ برنگے ثقافتی شوز کا بھی انعقاد ہوا جبکہ پاکستانی کھانوں کو خوب پذیرائی ملی، اس ثقافتی میلہ کے آرگنائزر و چیئرمین خالد سلیمی نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ثقافتی میلہ سال 2001سے اوسلو میں لگایا جا رہا ہے، میلے کی خاص بات یہ ہے کہ اوسلو میں بسنے والی تمام کمیونٹیز اس ثقافتی میلہ میں اپنا رنگ جماتے ہیں جس سے پاکستان کی خوبصورت ثقافت اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے اور اس میلے میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانی کمیونٹی کی ہوتی ہے، انہوں نے کہا ہمارا مقصد پاکستانی ثقافت کو پوری دنیا میں متعارف کروانا اور پاکستان کا نام روشن کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میلے میں داخلہ بالکل مفت اور ناروے کی حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہوتا ہے، یہاں طرح طرح کے کھانے، مختلف سٹالز، جن میں بھلے پکوڑیاں، جلیبیاں، لسی، کباب، تکہ، بھنے ہوئے تازہ سٹے اور تمام دیسی اور ولایتی کھانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، اس ثقافتی میلہ میں معروف گلوکاروں اور فنکاروں نے اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس سے وہاں موجود لوگوں نے بہت لطف اُٹھایا، اس موقع پر راحت فتح علی خان کی پرفارمنس نے شائقین کے دل جیت لئے۔ شمعون چوہدری اور دیگر شرکا نے کہا اس طرح کے میلے ہر سال لگنے چاہئیں، کیونکہ یہ ہی ایک موقع ایسا ہوتا ہے جب ہم ان لوگوں، دوستوں اور رشتہ داروں سے بھی مل لیتے ہیں جن سے ہم کافی عرصہ نہیں ملے ہوتے، یہاں آکر پاکستان جیسا ماحول نظر آتا ہے، یورپ میں ثقافت کے حوالے سے ناروے میں یہ سب سے بڑا میلہ منعقد کیا جاتا ہے جس کیلئے ہم ناروے کی حکومت اور پاکستانی منتظمین کے شکر گزار ہیں۔ میلے میں پاکستان کی خوبصورت ثقافتی رنگوں سے مزین روائتی ٹرکوں کی بھی نمائش کی گئی جسے شرکا نے بے حد سراہا۔
تازہ ترین