• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کمیٹی آبی وسائل، سندھ طاس معاہدہ پر عملدر آمدسے متعلق ان کیمرہ اجلاس پر اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،اے پی پی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آبی وسائل نے سندھ طاس معاہدہ پر عملدرآمد سے متعلق ان کیمرہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے، بدھ کو کمیٹی اجلاس میں سینیٹر میر کبیر شاہی نے تجویز پیش کی کہ سندھ طاس معاہدہ پر عملدرآمد کے معاملے پر قائمہ کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہونا چاہئے جس میں تمام متعلقہ اداروں کی طرف سے معاہدہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے، کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر شمیم آفریدی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں سینیٹر کبیر احمد شاہی کی طرف سے اٹھائے گئے عوامی نکتہ، جس میں میرانی ڈیم کے متاثرین کو معاوضوں کی عدم ادائیگی کی نشاندہی کی گئی، پر تفصیلی بحث ہوئی،چیئرمین کمیٹی نے کہا گزشتہ اجلاس میں کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ ذمہ دار افراد کو اجلاس میں طلب کیا جائیگا مگر انہوں نے اس پر کان ہی نہیں دھرا،انہوں نے اجلاس میں حاضر افسران کے معاملہ کے بارے میں معلومات نہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ ذمہ داران کی طرف سے تاخیری حربے ہیں اسلئے متعلقہ افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، کمیٹی نے سفارش کی کہ اگلے اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری فنانس اور ڈپٹی کمشنر کو طلب کیا جائے اور عدم حاضری پر ان کیخلاف تحریک استحقاق لائی جائے، خزینہ ڈیم کی جگہ تبدیل کرنے کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ منصوبے پر25 ارب روپے لاگت آئیگی جبکہ اس کیلئے300ملین مختص کئے گئے ہیں اب نئی جگہ پر ڈیم بنانے سے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش7 گنا بڑھ گئی، کمیٹی نے سفارش کی کہ اس سلسلے میں صوبائی پی ایس ڈی پی میں مزید بجٹ رکھا جائے۔
تازہ ترین