• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حوثی باغیوں نے یمن میں امریکی ڈرون مار گرایا

کراچی (نیوزڈیسک)حوثی باغیوں نے یمن میں امریکی ڈرون مار گرایا،تفصیلات کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے منگل کی شام کو ایک امریکی ڈرون مار گرایا ہے۔عہدے دار نےاپنا نام پوشیدہ رکھنے کی درخواست پربتایا کہ اگرچہ ڈرون گرانے والے حوثی تھے لیکن انہیں یہ صلاحیت ایران نے دی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈرون گرانے کیلئے زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل استعمال کیا گیا تھا۔ڈرون گرانے کا تازہ ترین واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کینتھ فرینک مککنزی تجارتی بحری راستوں کے تحفظ کے لیے ایک اتحادی فورس بنانے کے لیے علاقے میں موجود ہیں۔منگل کو یمن میں امریکی ڈرون گرائے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل جون میں بھی ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے ایک امریکی ڈرون گرایا تھا۔ایم کیو 9 قسم کے یہ ڈرون پائلٹ کے بغیر پرواز کرتے ہیں اور انہیں ریموٹ سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ یہ طیارے اہداف پر حملوں اور جاسوسی کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔امریکہ یہ ڈرون یمن میں القاعدہ اور داعش کے جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کرتا ہے۔

تازہ ترین