اسلام آباد (ایجنسیاں)تحریک انصاف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید رد عمل دینے کا فیصلہ کرلیا ‘نریندر مودی کی امریکا آمد کے موقع پر شدید احتجاج کیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو بھرپور تیاریوں کی ہدایت کر دی‘تحریک انصاف کے سیکرٹری او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی‘اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تحریک انصاف نیویارک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سفاک مودی سرکار تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط روندتے ہوئے کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے‘سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں‘بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھائوں گا۔ملاقات میں وزیراعظم کے حالیہ دورہ امریکہ کے بعد کی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی ۔دریں اثناءوزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ناروے‘ ڈنمارک ‘آئیوری کوسٹ اورسوئیڈن کے وزراءخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیاجس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی گھمبیر صورتحال اورخطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔شاہ محمود قریشی سے سابق نگراں وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب عبداللہ حسین ہارون نے بدھ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے اپنی نارویجن ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ناروے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ڈینش ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کے حوالہ سے ہندوستان کے یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ڈینش وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اس بات سے متفق ہیں کہ دو ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔