• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب عوامی عہدیداروں کے سوا کسی کیخلاف کارروائی نہیں کرسکے گا، وزیرقانون

اسلام آباد(اے پی پی‘جنگ نیوز) وفاقی وزیر قانون و انصاف ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون نے سول پروسیجر ترمیمی بل منظور کرلیا جبکہ حکومت نیب قوانین میں بھی ترمیم کرنے جارہی ہے‘ دیوانی مقدمات کے فیصلے اب ایک سے ڈیڑھ سال میں ہوں گے‘ مدد کی منتظر خواتین اور بچوں کے لئے خصوصی ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے‘احتساب عدالتوں کو ضمانت کا اختیارملے گا‘نیب عوامی عہدیداروں کے سواکسی کے خلاف کارروائی نہیں کرسکے گا‘عام لوگوں کے خلاف ٹیکس چوری اورمنی لانڈرنگ کے مقدمات ایف آئی اے اورایف بی آردیکھیں گے ‘، وراثت کا سرٹیفکیٹ 15 دن کے اندر جاری کیا جائے گا‘سپریم کورٹ نے پلی بارگین ختم کرنے کیلئے کہاہے جبکہ حکومت اس کی حامی ہے ‘دیکھیں گے اس پر کس طرح عمل کیاجائے‘دوسری اپیل ختم کردی گئی ‘ایک جج اسٹے آرڈر دے گا اور دوسرا مرکزی کیس سنے گا‘ وسل بلور کے تحت معلومات دینے والے کو 20 فیصد دیا جائے گا۔844 قوانین وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ بدھ کو پی آئی ڈی میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون ملیکہ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ عدالتی امور کے حوالے سے ترمیمی بل قائمہ کمیٹی نے پاس کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 30، 40 سالوں میں ہونے والے فیصلے اب ایک سے ڈیڑھ سال میں ہوں گے۔اب پاکستان کے قوانین وئب سائٹ پر موجود ہیں۔نئے قانون کے تحت خواتین اپنی وراثت آسانی سے حاصل کریں گی‘نیب کیسز میں ضمانت کا اختیار ہائی کورٹ سے واپس لے کر ٹرائل کورٹ کو دیا جائے گا‘ پلی بارگین سے متعلق قوانین بھی تبدیل کیے جائیں گے‘کرپشن میں ملوث ملزم پلی بارگین کرنے کے بعد دوبارہ سرکاری نوکری نہیں کرسکے گا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لئے اقدار میں آئی ہے اور مختلف شعبہ جات میں دور رس اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔

تازہ ترین