• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف برادران کے تینوں بچوں کا مزید نیب ریمانڈ منظور

لاہور(نمائندہ جنگ)احتساب عدالت لاہور نے شریف برادران کے تینوں بچوں کا مزید ریمانڈ منظور کرلیا۔چوہدری شوگرملز کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور انکے کزن یوسف عباس اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈز میں 14روز توسیع کردی گئی۔کمرہ عدالت میں بعض وکلاء اور کارکنان شور شرابہ کرتے رہے اور مریم نواز کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں جس کی وجہ سے جج نے برہمی کا اظہار کیا اورسماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کرنا پڑی۔ گزشتہ روز مریم نواز اور یوسف عباس کو سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد کے روبرو پیش کیاگیا تودوران سماعت نیب پراسکیوٹر نے استدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی اس لیے مزید 15 روز ہ ریمانڈ درکار ہے۔ مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ تحقیقات اور ٹرائل مکمل ہو چکا ہے۔ ایک الزام میں بار بار تفتیش آئین و قانون کے منافی ہے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے 14 روز ہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی ۔دوسری جانب منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نعیم ارشد کے روبرو پیش کیا گیا، نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے حمزہ شہباز کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی حمزہ کے وکیل امجد پرویز نے مخالفت کی ۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ حمزہ کے اکائونٹ میں لاکھوں ڈالر ایسے افراد کے ذریعے بھجوائے گئے جن کے پاسپورٹ بھی نہیں بنے تھے۔رانا ظہیر فیصل آباد میں کپڑے کی دکان پر ملازم ہے جس کا پاسپورٹ نہیں بنا لیکن اس نے لندن سے حمزہ کو ایک لاکھ ڈالر بھجوائے ۔ آفتاب احمد اور شاہد رفیق منی لانڈرنگ کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔ عدالت نے حمزہ شہباز کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے 4 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ظلم جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ۔ اب تو ظلم کرنے والوں پر ترس آرہا ہے ۔ 

تازہ ترین