• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر کی روشنی میں حل کرائے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

ڈیلس( راجہ زاہد اختر خانزادہ، نمائندہ جنگ ) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ امریکی عوام کے منتخب نمائندے اپنی حکومت پر دباو ٔڈالیں کہ امریکی حکومت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور خود امریکی حمایت سے منظور ہونے والی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرائے، ایسا کرنا خود امریکی آئین اور انسانی حقوق کے احترام سے جڑی امریکی روایات کا تقاضہ ہے ۔ فریسکو ٹیکساس میں کشمیری رہنما اور ساؤتھ ایشیا ڈیمو کریسی واچ کے بورڈ ڈائریکٹر راجہ مظفر کی رہائش گاہ پر ایک فیملی استقبالیہ میں موجود امریکی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے مقبوضہ وادی میں 5 اگست کے بعد سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں میں پانچ اگست کے بعد سے بدترین لاک ڈاؤن ہے، بھارتی فوج کو قتل عام کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے، دنیا اس کا نوٹس لے۔ اس موقع پر ٹیکساس ایوان نمائندگان کی منتخب رکن ٹیری مزا نے ایوان نمائندگان میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پیش کی جانے والی قرارداد وزیر اعظم آزاد کشمیر کو پیش کی جس پر راجہ فاروق نے ان کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق سینیٹر ٹام برمر ، سابق اسٹیٹ نمائندے لان برنم کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے جموں کشمیر کی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اپنی حکومت تک ان جذبات اور احساسات کو پہنچائیں گے ۔

تازہ ترین